قربانی اللہ کی رضا کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا نام ہے ،ْ اسماء سفیر

منگل 20 جولائی 2021 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) قربانی محض عبادت نہیں بلکہ اللہ کی رضا پر اپنا سب کچھ قربان کرنے کا نام ہے۔اللہ کی کبریائی کے اعتراف میں اپنا مال اور اپنی جان اللہ کے راستے میں لگا کر سر اطاعت جھکانا انبیاء کی سنت رہی ہے۔یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم الشان قربانی نے امت کو اطاعت رب اور عہد کو نبھانے کا درس دیا۔آج بھی ملت ابراہیمی بھٹکی ہوئی انسانیت کو اسلام کے دامن رحمت میں پناہ لینے کی دعوت دیتی ہے۔آج دنیا جس جنگ وجدل کا شکار ہے اس کا حل قرآن و سنت کا لازوال پیغام ہے۔تمام مسلمان قربانی کے فریضہ کو انجام دے کر رب سے کیے ہوئے عہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔اسما سفیر نے دعا کی کہ اللہ تعالی بیت اللہ کو حج و عمرہ کیلئے کھول دے۔وبا کو ختم کردے اور خانہ کعبہ کی رونق کو بحال کردے۔لبیک کی صداوں سے عرفات اور منی کی وادیوں کو آباد کردے۔