عید الاضحیٰ کی آمد، مرغی کے گوشت کی قیمت میں غیر متوقع اضافہ

برائلر گوشت کی قیمت نے دوبارہ ڈبل سینچری کر لی، مختلف شہروں میں 210 روپے سے 220 روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب

muhammad ali محمد علی منگل 20 جولائی 2021 23:14

عید الاضحیٰ کی آمد، مرغی کے گوشت کی قیمت میں غیر متوقع اضافہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2021ء) عید الاضحیٰ کی آمد، مرغی کے گوشت کی قیمت میں غیر متوقع اضافہ برائلر گوشت کی قیمت نے دوبارہ ڈبل سینچری کر لی، مختلف شہروں میں 210 روپے سے 220 روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لاہور شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 9روپے اضافے سے 219روپے ہوگئی اور زندہ برائلرمرغی کی قیمت6روپے اضافے سے151روپے فی کلو ہوگئی۔

فارمی انڈوں کی قیمت161روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔ بتایا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر عمومی طور پر برائلر گوشت کی قیمت میں واضح کمی آتی ہے، تاہم عید سے ایک روز قبل برائلر گوشت کی قیمت میں غیر متوقع اضافہ دیکھنے کو ملا۔ گزشتہ کئی روز سے مسلسل کمی کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 200 روپے کی سطح سے نیچے جا چکی تھی، جو منگل کے روز دوبارہ 200 روپے کی سطح سے تجاوز کر گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر طلب میں واضح کمی کی وجہ سے مرغی کے گوشت میں کمی دیکھنے کو ملتی ہے، اسی لیے کچھ ہفتے قبل 600 روپے فی کلو کی سطح تک پہنچ جانے والا برائلر گوشت اب کم ہو کر 220 روپے کی سطح تک آ گیا۔ واضح رہے کہ ملک بھرمیں عید الاضحی کا تہوار کل بدھ کے روز کو مذہبی جوش و جذبے اورعقیدت و احترام سے منایا جائے گا ۔ ملک بھر میں مساجد ، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوںگے ۔

نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی و خوشحالی ،کشمیر کی آزادی اور عالمی وبا ء کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کوروناوباء کے پیش نظر ایس او پیز پر عملدرآمدکیا جائے ، عید کی نماز کے موقع پر ماسک پہناجائے اور سماجی فاصلے کا خیال رکھاجائے۔ عید کی نماز کے بعدسنت ابراھیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانورقربان کئے جائیں گے جن کا گوشت عزیز و اقارب، محلے داروں،غرباء اور مساکین میں تقسیم کیا جائے گا۔

پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، پولیس اہلکارنمازعید کے اجتماعات کے مقامات پر حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوںگے جبکہ افسران سکیورٹی کی نگرانی کیلئے پیٹرولنگ کریں گے۔