سعودی عرب میں سوگ کا سماں، سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی بڑی بہو چل بسیں

شہزادی نوف بن خالد، شہزادہ محمد بن سلمان کی بھاوج تھیں، نماز جنازہ کے بعد ریاض میں تدفین کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 جولائی 2021 10:37

سعودی عرب میں سوگ کا سماں، سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی بڑی بہو چل بسیں
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی2021ء ) سعودی عرب میں گزشتہ چند ہفتوں کے دورانددرجنوں زائد شہزادے اور شہزادیاں انتقال کر گئے ہیں۔مئی اور جون میں شاہی خاندان کے کئی افراد اللہ کو پیارے ہو گئے۔اب شاہی خاندان کو ایک اور بڑا صدمہ برداشت کرنا پڑا ہے۔عید کے پہلے روز ایک اور سعودی شہزادی خالق حقیقی سے جا مِلی ہیں۔ سعودی ایوان شاہی نے بتایا ہے کہ شہزادی نوف بن خالد بن عبداللہ بن عبدالرحمان السعود کا انتقال ہوگیا ہے۔

ان کی نماز جنازہ بُدھ کے روز ریاض کی امام ترکی جامع مسجد میں ادا کی گئی ، جس میں شاہی خاندان کے اہم افراد نے شرکت کی۔ جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ایوان شاہی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور دعا ہے کہ وہ ان کے ساتھ فضل و کرم کا معاملہ فرمائے ان کی مغفرت کردے اور انہیں جنت الفردوس سے نوازے۔

(جاری ہے)

سعودی میڈیا کے مطابق مرحومہ شہزادی نوف موجودہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سب سے بڑے بیٹے شہزادہ فہد بن سلمان کی بیوہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بھاوج تھیں۔ شہزادہ فہد 2001ء میں 46 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ شہزادی نوف ، شاہ عبدالعزیز کی نواسی اور شہزادی جوہرہ کی بیٹی تھیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل شہزادی الجوہرہ بنت محمد بن عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعودانتقال کر گئی ہیں۔

اس سے پہلے سعودی شہزادہ مشاری بن منصور بن مشعل کی والدہ اور پھر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز السعود کی والدہ انتقال کر گئی تھیں۔اپریل کے مہینے میں ہی شاہی خاندان کے معروف شہزادے بندر بن فیصل بن سعود بن عبدالرحمن ال سعود انتقال کر گئے تھے۔ ان کی نماز جنازہ گزشتہ سوموار کو ادا کرنے کے بعد ریاض شہر میں تدفین کر دی گئی ہے۔

مرحوم شہزادہ بندر بن فیصل سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کے نواسے تھے۔ ان کے پسماندگان میں 13 بیٹے اور بیٹیاں شامل ہیں۔ شہزادہ بندر کے ایک بیٹے شہزادہ سعود بن بندر معروف شاعر بھی ہیں۔مارچ کے مہینے میں شہزادہ بندر بن ذعار بن ترکی بن عبدالعزیز انتقال کر گئے تھے۔ ماہ فروری کے آخری ہفتے میں شہزادہ فہد بن محمدبن عبدالعزیز السعود بن فیصل السعود انتقال کر گئے تھے۔

ان کے انتقال سے چند روز قبل شاہی خاندان کی معروف شخصیت شہزادی لمیا بنت ھذلول بن عبدالعزیز آل سعود انتقال فرما گئی تھیں۔شہزادی لمیا کی وفات سے دو روز قبل سعودی شہزادی دنا بنت عبداللہ بن ترکی بن عبدالعزیز انتقال کرگئی تھیں۔شہزادی دنا شہزادہ عبداللہ بن ترکی بن عبدالعزیز کی بیٹی تھیں۔اس سے کچھ روز قبل سعودی شہزادے عبدالرحمان بن فیصل بن سعود کی والدہ انتقال فرما گئی تھیں۔ اسی ماہ کے دوران شہزادی نورہ بنت فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن السعود انتقال کر گئی تھیں۔