شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی

لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ شاہراہ قراقرم کو بحال کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 جولائی 2021 12:12

شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جولائی 2021ء) : لینڈ سلائیڈنگ سے بند شاہراہ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان میں بارشوں کے باعث مٹی کے تودوں سے شاہراہ بلاک ہوئی تھی۔ ایف ڈبلیو او کی انتھک کاوشوں کے سبب قراقرم ہائی وے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے۔

تتہ پانی سے رائے کوٹ تک 20 جگہوں پر بھاری تودوں اور کیچڑ سے شاہراہ بند ہو گئی تھی۔ گلگت بلتستان میں شدید بارش سے شاہراہ مٹی کے تودوں کے باعث بلاک ہوئی تھی، رائے کوٹ اور نتہ پانی سمیت 20 مقامات پر لینڈسلائیڈنگ ہوئی تھی، جس کے بعد ٹریفک عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔ بارش کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے ضلع غذر کا ٖگلگت شہر سے زمینی رابطے منقطع ہوگیا۔

(جاری ہے)

غذر کے بالائی علاقے دملگن میں لینڈ سلائیڈنگ سے تحصیل یاسین کا دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع تھا۔ ایف ڈبلیو او نے خراب موسم اور مشکل جغرافیے کے باوجود 24 گھنٹے کام جاری رکھا۔ ایف ڈبلیو او نے مسلسل کام کر کے شدید موسم اور دشوار گزار علاقوں کے باوجود شاہراہ کو کلیئر کیا۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے انتہائی کٹھن صورت حال کے باوجود بند شاہراہ کھول دی ہے۔

لینڈ سلائڈنگ سے شاہرہ قراقرم کے متعدد مقامات پر دو طرفہ ٹریفک معطل ہوگئی تھی اور سیاح پھنس گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹریفک کی روانی نہ ہونے کے باعث کئی لوگ اپنی مقررہ منزل تک نہیں پہنچ سکے تھے، تاہم اب ان کی پریشانی دور ہوگئی۔ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ شاہراہ قراقرم کو بحال کر دیا گیا ہے جس کے بعد اب اس مقام پر ٹریفک رواں دواں ہے۔