سنت ابراہیمی ادا کرنے کیلئے دلوں سے نفرتوں عداوتوں ،کینہ اور حسد کو بھی ذبح کرنا ہوگا،ثروت اعجاز قادری

سنت ابراہیمی ہمیں اللہ کی رضا کیلئے زندگی گذارنے اور دین اسلام کے فروغ کا پیغام دیتی ہے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

جمعہ 23 جولائی 2021 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عیدالاضحی دین اسلام کے پرچم کو بلند اور یتیموں ،غریبوں مسکینوں سے محبت اور خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتا ہے ،سنت ابراہیمی ہمیں اللہ کی رضا کیلئے زندگی گذارنے اور دین اسلام کے فروغ کا پیغام دیتی ہے ،جانور کو ذبح کرنا محض فلسفہ قربانی نہیں ہے سنت ابراہیمی ادا کرنے کیلئے دلوں سے نفرتوں عداوتوں ،کینہ اور حسد کو بھی ذبح کرنا ہوگا ،پاکستان میں عید الاضحی شایان شان طریقے سے منائی گئی اور ملنسازی کاجو عملی نمونہ دیکھنے میں آیا اللہ ہمیں باطل قوتوں کی سازشوں سے محفوظ رکھے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کے بعداور عید کے دوسرے روز عید ملنے والوں سے قادری ہائوس پر ملاقات میں کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج کا عظیم مقدس دن ہمیں اتحاد ویکجہتی اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کا عندیہ دیتا ہے ،دہشتگردی کے خلاف جام نوش کرنیوالی سول سوسائٹی ،پاک فوج ورینجرز اور پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،قائد سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری ،اور امیر میلاد مصطفی سربراہ سنی تحریک شہید محمد عباس قادری نے ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کی جدوجہد میں جام شہادت نوش کیا ،پاکستان سنی تحریک ہی نہیں بلکہ ملک کے عوام ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور خراج عقیدت کے نذرانے پیش کرتے ہیں ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ عید قربان کے تینوں دن یتیموں ،غریبوں اور رشتہ داروںوپڑوسیوں کو عید قربان کی خوشیوں میں شامل کرنا سنت مبارکہ ہے ،قربانی کا گوشت غریبوں ،یتیموں ،پڑوسیوں میں بھی بلاتفریق تقسیم کیا جائے ،پاکستان میں انشاء اللہ نظام مصطفی کا نفاذ جلد ہوگا ،اسلامی نظام غریب وامیر کو یکساں انصاف ،تعلیم ،صحت اور حقوق مہیا کرتا ہے ،پاکستان سنی تحریک کے شہداء کارکنان کی قربانیوں کو کسی طور بھی فراموش نہیں کرسکتے۔