جی 20 وزرا ماحولیاتی اہداف پر اتفاق رائے میں ناکام ہوگئے

معاملات پر روم میں اکتوبر میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں بات ہوگی، اٹلی کے وزیر کی گفتگو

ہفتہ 24 جولائی 2021 19:45

رومو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) اٹلی کے وزیر ماحولیاتی تبدیلی روبرٹو سِنگولانی نے کہا ہے کہ جی 20 گروپ کے امیر ممالک کے توانائی اور ماحولیات کے وزرا حتمی مذاکرات میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق تحریری وعدے پر اتفاق رائے کے قیام میں ناکام ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جی 20 اجلاس کو نومبر میں 100 دن کے بعد گلاسگو میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیاتی گفتگو (کوپ 26) سے قبل فیصلہ کن اقدام کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔

کسی ایک نکتے پر اتفاق رائے میں ناکامی سے اسکاٹ لینڈ میں معنی خیز معاہدے کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔روبرٹر سنگولینی نے بتایا کہ جنوبی اٹلی میں ہونے والے اجلاس میں وزرا دو متنازع امور پر اتفاق نہیں کر سکے اور اب ان معاملات پر روم میں اکتوبر میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں بات ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین، روس اور بھارت سے مذاکرات خصوصی طور پر مشکل ثابت ہوئے۔

روبرٹو سنگولینی نے کہاکہ ان میں سے ایک اہم نقطہ کوئلے کے ذریعے بجلی کی تیاری کو ختم کرنا ہے، کم و بیش تمام ممالک سال 2025 تک ایسا کامیابی کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں لیکن کچھ ممالک نے کہا ہے کہ یہ ان کے لیے ناممکن ہے۔دوسرا مسئلہ جس پر بات چیت کی گئی وہ عالمی درجہ حرارت 1.5 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کی حد ہے جو پیرس معاہدے میں مقرر کی گئی تھی۔اوسطاًً عالمی درجہ حرارت اس سے قبل ہی سائنسدانوں کے مقرر کردہ پری انڈسٹریل حد کے مقابلے ایک ڈگری سے زائد بڑھ چکا ہے اور 1.5 سے 2 ڈگری کی حد تجاوز کر رہا ہے۔اٹلی کے وزیر نے کہا کہ حتمی گفتگو جمعہ تک شائع ہونے کی توقع تھی لیکن ممکن ہے کہ اب شاید ہفتے سے قبل جاری نہ کی جائے۔