سعودیہ نے ویکسین نہ لگوانے والے غیر ملکی اور مقامی افراد پر متعدد پابندیوں کا اعلان کر دیا

یکم اگست سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد سرکاری عمارات میں داخل نہیں ہو سکیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور تقریبات میں شرکت پر بھی پابندی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 26 جولائی 2021 15:25

سعودیہ نے ویکسین نہ لگوانے والے غیر ملکی اور مقامی افراد پر متعدد پابندیوں ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جولائی2021ء ) سعودی عرب میں حکام کی جانب سے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم بہت سے لوگوں کی لاپرواہی اور کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ لاکھوں غیر ملکی اور مقامی افراد ایسے بھی ہیں جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ہے جس کی وجہ سے کورونا کی موذی وبا پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تاہم اب حکام نے ویکسین نہ لگوانے والوں پر کئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یکم اگست سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کا سرکاری مقامات پر داخلہ بند ہو جائے گی، انہیں تقریبات میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی اور نہ ہی وہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس پابندی کا اطلاق ویکسین نہ لگوانے والے مقامی اور تارکین پر ہوگا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سرکاری یا نجی ادارے کے وہ ملازمین جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی، وہ بھی اس پابندی کی زد میں آئیں گے۔ انہیں اپنے دفاتر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اسی طرح اگر کسی شخص کو اپنے کام کے سلسلے میں نجی یا سرکاری ادارے میں جانا ہوگا تو اسے ویکسین یافتہ ہونے کی صورت میں داخلے کی اجازت ہو گی، ورنہ اسے روک لیا جائے گا۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ معاشی، ثقافتی، سیاحتی، تعلیمی، تفریحی اور سپورٹس مقامات پر بھی یہ پابندی لاگو ہو گی۔اس کے علاوہ شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس میں بھی ویکسین نہ لگوانے والوں کا یکم اگست سے داخلہ بند ہو جائے گا۔ سعودی حکام کے مطابق یکم اگست کے بعد سے ریستوران، کیفے، باربر اور بیوٹی سیلون، شادی اور پارٹی ہالز میں داخلے کے لئے ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانا لازم ہوگا۔مملکت بھر میں قائم 587 ویکسی نیشن مراکز سے فی الفور ویکسین لگوا لی جائے تاکہ پابندیوں کی زد سے بچاؤ ممکن ہو جائے۔