پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ’سپریم کوآرڈی نیشن کونسل‘ کے قیام پر اتفاق

وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی سطح پر مذاکرات، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سپریم رابطہ کونسل کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے احسن اقدام قرار دے دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 جولائی 2021 15:13

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ’سپریم کوآرڈی نیشن کونسل‘ کے قیام ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جولائی 2021ء ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیانسپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام پر اتفاق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اور پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی ، اس دوران شاہ محمود نے سی پیک منصوبوں بالخصوص خصوصی اقتصادی زونز میں سعودی کاروباری کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے میسر مواقعوں سے سعودی وزیر خارجہ کوآگاہ کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سعودی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے اسٹرکچر پر مذاکرات ہوئے ہیں ، سپریم کونسل کے کام کے طریقہ کار پر بھی گفتگو ہوئی ، اس حوالے سے دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ میں فوکل پرسنز کا تعین کیا جائے گا ، اس کے علاوہ پاک سعودی وفود نے اقتصادی روابط کے فروغ ، سرمایہ کاری کو بڑھانے پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا ، میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں یکساں مذہبی ، ثقافتی اوربرادرانہ مراسم ہیں۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ، پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری اور تحفظ کی حمایت جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے ، ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات دیرینہ اور تاریخی ہیں ، ہم تہذیبی روابط کا فروغ چاہتے ہیں ، ہم مذہبی تعلقات کے ساتھ ساتھ کلچرل تعلقات کے فروغ کے خواہشمند ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود پر زور دیتے ہیں ، اسی طرح گرین سعودی عرب اور گرین مڈل ایسٹ اور وزیر اعظم عمران خان کا وژن کلین گرین پاکستان آپس میں مطابقت رکھتے ہیں ، ماحولیاتی و موسمیاتی شعبوں میں تعاون آگے بڑھا رہے ہیں ، ہماری افغانستان کے حوالے سے سوچ میں بھی مماثلت ہے ، سعودی وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔