صدر مملکت عارف علوی نے تھر میں ہندو شہری کو ہراساں کرنے کے واقعہ پر سخت نوٹس لے لیا ، ذمہ دار شخص گرفتار

ایسے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بن سکتے ہیں، اقلیتوں کے ساتھ زیادتی اسلام کی روح کے منافی ، آئین ِپاکستان کی سنگین خلاف ورزی ہے ، عارف علوی

منگل 27 جولائی 2021 23:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) صدر مملکت عارف علوی نے تھر میں ہندو شہری کو ہراساں کرنے کے واقعہ پر سخت نوٹس لے لیا ،صدر مملکت نے سیکرٹری وزارت داخلہ اور آئی جی سندھ کو قانونی کاروائی کی ہدایت کی تھی،صدر مملکت کی ہدایت پر واقعہ کے ذمے دار شخص، عبد السلام ابو داؤد ، کو سندھ پولیس کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ ایسے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بن سکتے ہیں، اقلیتوں کے ساتھ زیادتی اسلام کی روح کے منافی ، آئین ِپاکستان کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں، ریاست انکے تحفظ کیلئے اقدامات کررہی ہے، ایسے واقعات کی روک تھام معاشرے کے تمام افراد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔