امارات میں ایک سال سے تنخواہوں سے محروم 18 ہزار ملازمین کو انصاف مل گیا

اماراتی وزارت انسانی وسائل نے متاثرہ کارکنان کو 30 کروڑ درہم کی رقم دلوا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 جولائی 2021 14:55

امارات میں ایک سال سے تنخواہوں سے محروم 18 ہزار ملازمین کو انصاف مل گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی2021ء ) یو اے ای میں کارکنان کے تمام حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر قوانین موجود ہیں جن کی خلاف ورزی پر متعلقہ آجران اور کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اماراتی ریاستوں میں 18 ہزار سے زائد متاثرہ ملازمین کو ان کی ایک سال سے واجب الادا تنخواہیں دلوا دی گئی ہیں جس سے ان غیر ملکی ملازمین کو بہت بڑا ریلیف مل گیا ہے۔

اماراتی وزارت برائے انسانی وسائل و اماریتائزیشن (MOHRE) کے مطابق لیبر تنازعات کی مد میں متاثرہ کارکنان کو30 کروڑ درہم سے زائد رقم دلوا دی ہے۔ MOHREکے مطابق اس کے پاس 22 لیبر تنازعات لائے گئے تھے جن میں 30 کروڑ درہم کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ سرفہرست تھا۔ ملازمین کو جون 2020ء سے جون 2021ء تک ایک سال سے زائد کی واجب الادا تنخواہیں دلائی گئیں۔

(جاری ہے)

اس تنازعے کی سماعت اماراتی وزیر برائے انسانی وسائل و اماریتائزیشن ناصر بن ثانی جمعہ الحملی نے خود کی۔ واجب الادا تنخواہوں سے متعلق کیسز سے 18,670 ملازمین متاثر ہوئے تھے۔گلف نیوز اُردو کے مطابق وزارت کی جانب سے کارکنان سے متعلق کیسز کی سماعت کے لیے ایک خصوصی کمیٹی وفاقی قانون کی روشنی میں تیار کی گئی ہے جو متاثرہ افراد کو فوری طور پر ان کا حقوق دلوانے کا جتن کرتی ہے اور کارکنان و آجران کے درمیان تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کروانے کے لیے بھی اقدامات کرتی ہے۔

تاکہ معاشی و صنعتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ تنازعات کے حل میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ فریقین فیصلے سے راضی ہوں اور کسی ایک فریق کی حق تلفی کی نوبت نہ آئے۔ اس کے علاوہ کارکنان کے استحصال کو روکا جا سکے۔ 

متعلقہ عنوان :