وزیر اعظم عمران خان نے شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوی کا جواب سیشن کورٹ میں جمع کرا دیا

شہباز شریف کا دعوی جھوٹا، بے بنیاد اور حقائق کو مسخ کر کے دائر کیا گیا، دعوے کو جرمانے کیساتھ خارج کیا جائے ‘جواب بیرسٹرعلی ظفرنے جمع کرایا

بدھ 28 جولائی 2021 15:47

وزیر اعظم عمران خان نے شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوی کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوی کا جواب سیشن کورٹ میں جمع کرا دیا۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے سیشن کورٹ لاہور میں جواب جمع کرایا۔ عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ عمر فاروق نامی شخص نے انہیں بتایا کہ یہ پیشکش ہے کہ اگر عمران خان پاناما لیکس کی پیروی کرنا چھوڑ دیں تو وہ بھاری رقم دینے کو تیار ہیں، رشوت کی پیشکش بارے جیسے بتایا گیا اسی طرح ہی بیان دیا۔

جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی شہرت ان کے بیان کے باعث نہیں بلکہ کسی اور وجہ سے متاثر ہوئی ہو گی، شہباز شریف کے الزامات ہتک عزت کے دعوی میں نہیں آتے، شہبازشریف نے قانون کے مطابق 60 دن میں کوئی مخصوص نوٹس بھی نہیں بھیجا، شہباز شریف دو دہائیوں سے سیاسی مخالف ہیں، قائد حزب اختلاف بدنام کرنے کے لیے خود کئی بیانات دے چکے ہیں، شہباز شریف سیاسی معاملات کو عدالتوں میں گھسیٹنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کا دعوی جھوٹا، بے بنیاد اور حقائق کو مسخ کر کے دائر کیا گیا، دعوے کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے اور اپوزیشن لیڈر سے کونسل کی فیس بھی وصول کی جائے۔