نوجوان جوڑے پر شدید تشدد، لاشیں نہر میں بہا دی گئیں

دونوں کو بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر کے نہر میں پھینکا گیا، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس ذرائع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 28 جولائی 2021 15:53

نوجوان جوڑے پر شدید تشدد، لاشیں نہر میں بہا دی گئیں
پاکپتن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2021ء) پنجاب کے ضلع پاکپتن میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نوجوان لڑکے اور لڑکی کو تشدد کر کے قتل کر دیا گیا۔ملزمان نے نوجوان جوڑے کی لاشیں نہر میں بہا دیں، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعہ پاکپتن کے تھانہ ملکہ ہانس کے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں نوجوان لڑکے اور لڑکی کی تشدد زدہ لاشیں نہر سے برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں کو بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر کے نہر میں پھینکا گیا ہے، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس نے نوجوان جوڑے کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ دہرے قتل کی اس واردات کی تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔نوجوان لڑکا لڑکی کا آپس میں کیا تعلق تھا ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا تاہم پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اب سے دو روز قبل ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ ٹھٹھہ میں جھرک کے قریب رشتہ داروں کی طرف سے شادی سے انکار پر لڑکا اور لڑکی نے کلری بگھاڑ نہر میں چھلانگ لگا دی ۔لڑکا اور لڑکی جھرک کے گاؤں اونگر کے رہائشی تھے۔ ایس ایچ او جھرک امیر بخش کوسو نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ مقامی غوطہ خوروں نے لڑکی کو بچا لیا ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

بتایا گیا کہ دونوں ایک دوسرے سے محب کرتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے تاہم رشتہ داروں کی جانب سے شادی سے انکار پر خوفناک قدم اٹھاتے ہوئے ایک ساتھ خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ اس سے قبل بھی شادی سے انکار کی وجہ سے کئی خوفناک واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جس شادی سے انکار کا معاملہ لوگوں کی جان لینے کا سبب بن چکا ہے۔اس سے قبل ایک ایسا ہی واقعہ لاہور میں پیش آیا تھا جہاں شادی سے انکار پر کزن نے جوان لڑکی کو گھر میں گھس کر قتل کردیا تھا۔ یہ واقعہ لاہور کے علاقے شرقپور میں پیش آیا جہاں شادی سے انکار کرنے پر ایک نوجوان کاشف نے گھر میں گھس کر لڑکی کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔