نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے فائز ر ویکسین کی دوسری ڈوز لگوالی

نیوزی لینڈ بھر میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے گروپ کی ویکسینیشن شروع ،55سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن گیارہ اگست سے شروع ہوگی

بدھ 28 جولائی 2021 16:25

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے فائز ر ویکسین کی دوسری ڈوز ..
کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے فائز ر ویکسین کی دوسری ڈوز لگوالی اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ بھر میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے گروپ کی ویکسینیشن شروع ہوگئی ،55سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن گیارہ اگست سے شروع ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا آر ڈن نے فائزر ویکسین کی دوسری ڈوز بدھ کو ہملٹن کے ٹی آوا ویکسینیشن سینٹر سے لگوائی ۔

ویکسین لگوانے کے بعد وزیر اعظم نے میڈیا کو بتایا کہ ویکسین لگوانے سے پہلے مجھ سے انجکشن سے متعلق پوچھا گیا تو میں نے جواب دیاکہ میں ہر گز گھبرانے والی نہیں ہوں ۔ انہوںنے اس موقع پر نیوزی لینڈ کے لوگوں پرزور دیا گیاکہ وہ اپنی عمر کے گروپ کے مطابق ویکسین ضرور لگوائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ڈیلٹا ویر یئنٹ دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہم بھی اس وباء کے چنگل سے باہر نہیں ہیں اس لئے اس ویریئنٹ کے خلاف ہم سب کو جلد از جلد ویکسین لگوانی چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ فائزر ویکسین کی وافر مقدار میں خوراکیں موجود ہیں اور بہت سی خوراکیں ابھی آرہی ہیں ۔وزیر اعظم نے کہاکہ اس سال کے آخر تک نیوزی لینڈ میں رہنے والے تمام افراد کو ویکسین لگادی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک اچھی شروعات ہے اس سے جاری پروگرام میں نمایاں طورپر وسعت آئے گی ۔انہوںنے کہاکہ اب تک فائزر ویکسین کی 1.7ملین سے زائد خوراکیں انتظامیہ کے حوالے کی گئی ہیں جن میں سے تقریباً سات لاکھ افراد کو مکمل طورپر ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ فائزر ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے پر وزیر اعظم کو ویکسین کا سٹیکر اور لالی پاپ بھی دیا گیا ۔