کوہاٹ جیسے اہم ڈویڑن کو مراعات سے محروم رکھنا لمحہ فکریہ ہے،رشیدپراچہ

نئی صنعتی پالیسی میں کوھاٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ نہ دینا زیادتی ہے،کوہاٹ چیمبر

بدھ 28 جولائی 2021 22:54

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) کوہاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران اسد جاوید، رشیدپراچہ، فائق شاہ نے ہنگامی طور پر پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی نئی صنعتی پالیسی کے مطابق کئی اضلاع میں پہلے سے قائم شدہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کو سپیشل اکنامک زون کا درجہ دینا اور کوھاٹ جس کی نئے ضم اضلاع اورکزئی،کرم کے بعد اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کے موجود واحد سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کو مراعات سے محروم رکھنا علاقہ کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے اس علاقہ میں صنعت و تجارت کے فروغ کے کافی مواقع موجود ہیں جس پر کوھاٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے وسائل کے مطابق کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور چیمبر کے عہدیداران حکومتی نمائندگان۔

(جاری ہے)

انتظامیہ۔اور متعلقہ حکام سے وقتا فوقتا اس سلسلہ میں میٹنگز،خط و کتابت اور میڈیا کے ذریعہ خصوصی مراعات کی اپیل/تجاویز اور رائے کا اظہار کرتے رہتے ہیں تاکہ علاقہ میں موجود معدنیات وغیرہ کو بروئے کار لاتے ہوئے صنعت کو فروغ حاصل ہو علاقہ کی ترقی میں معیشت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں لیکن ایسے وقت میں نئے فیصلوں میں کوھاٹ کو نظرانداز کرنا کسی صورت مناسب نہیں ،کوھاٹ چیمبر آف کامرس تمام متعلقہ افراد سے درخواست کرتی ہے کہ کوھاٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کو نہ صرف سستی بجلی،خصوصی مراعات ، ون ونڈو سہولیات اور سپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا جائے بلکہ کوھاٹ میں موخر شدہ اکنامک زون کو بھی بحال اور نئی صنعتی پالیسی میں شامل کیا جائے اور کوھاٹ میں تمام متعلقہ اداروں کے دفاتر قائم کئے جائیں تاکہ نئی صنعت لگانے والے انویسٹرز کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور صنعت وتجارت تیزی سے ترقی کرے تاکہ کوھاٹ ڈویڑن کے عوام کی آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو اور عوام کی دعائیں ہمیشہ ساتھ رہیں۔