وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل سرگودھا ڈویژن حسن انعام پراچہ کی ملاقات

حسن انعام پراچہ نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباددی

جمعرات 29 جولائی 2021 19:25

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل سرگودھا ڈویژن حسن انعام پراچہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او ر ترقیاتی منصوبوں پربات چیت ہوئی۔ حسن انعام پراچہ نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔

حسن انعام پراچہ نے ہر ضلع خصوصاً سرگودھا کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے یکساں ترقی کے ویژن کو سراہا۔حسن انعام پراچہ نے تحصیل بھلوال کو ضلع کا درجہ دینے کی خصوصی درخواست کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل بھلوال کو ضلع کا درجہ دینے کاجائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے اضلاع اورتحصیلیں بنانے پر کام شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھلوال کو ضلع کا درجہ دینے کا جائزہ لیا جائے گا۔ہم باتیں نہیں بلکہ کام کرتے ہیں۔سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی سچ اور حق کی فتح ہے۔انہوںنے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں شاندار جیت کے بعد پی پی 38 سیالکوٹ میں کامیابی حکومتی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ریاست مخالف بیانیہ سے عوام متنفر ہو چکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پی پی 38سیالکوٹ کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی سیاست میں اب چوروں اور لٹیروں کی کوئی گنجائش نہیں۔

پے درپے شکست کے بعد انہیں منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ مخالف جماعت کی سیٹ بھی گئی اور اس عبرتناک شکست سے مخالف ٹولے کی سٹی بھی گم ہو گئی۔یہ عناصر ہمیشہ کے لیے سیاست سے آوٹ ہو چکے ہیں۔ہماری خدمت کی سیاست کے سامنے ان کی افراتفری کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت نے ہر ضلع کے لئے علیٰحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج بنایاہے۔

سرگودھا ڈویژن کی ترقی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پرکام شروع ہوچکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ سالم تا سرگودھا روڈ،بھیرہ تا ملکوال روڈ،میانی تا پکھووال روڈ،علی پور تا تھٹھی ولانہ روڈکے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔سرگودھا ڈویژن میں سکولوں کی اپ گریڈیشن بھی ہوگی۔حسن انعام پراچہ نے اربوں روپوں کے خصوصی پیکیج پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہا کہ آپ نے اربوں روپے کا ڈویلپمنٹ پیکیج دے کرسر گودھا ڈویژن کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔