نئے پاکستان میں چوروں اور ڈاکوؤں کیلئے احتساب کے اداروں کو تاگلے لگوائے جا رہے ہیں،امیرمقام

عمران نیازی کے نئے پاکستان میں چینی، گندم،آٹا، دوائی اور بی آر ٹی کے بڑے ڈاکو دھندھناتے پھر رہے ہیں ،صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا

جمعرات 29 جولائی 2021 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں چینی، گندم،آٹا، دوائی اور بی آر ٹی کے بڑے ڈاکو دھندھناتے پھر رہے ہیں جبکہ ملک و قوم کی دن رات خدمت کرنے والے عدالتوں کی پیشیاں بھگت رہے ہیں اور جیلیں کاٹ رہے ہیں، نئے پاکستان میں چوروں اور ڈاکوؤں کیلئے احتساب کے اداروں کو تاگلے لگوائے جا رہے ہیں اور دوسری جانب سچ بولنے والے اور قوم کا ساتھ دینے والوں کیخلاف کیسز بنائے جا رہے ہیں، بہت جلد ظلم کی یہ سیاہ رات ختم ہونے والی ہے ہم ان نالائقوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اتنا ظلم کرے جو کل خود برداشت کر سکے، آخری وقت تک ملک و قوم کا ساتھ دینگے اور ان نالائقوں سے ملک کو آزاد کرائینگے نئے پاکستان کی جگہ پرانے پاکستان کو بحال کریں گے جس میں غریب کیلئے روٹی، دوائی، چینی، گندم،نوکریاں ملتی تھی، ان خیالات کا اظہار انجینئر امیر مقام نے پشاور ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ظلم کی انتہاء کی گئی میرے جوانسال بیٹے کو جیل میں ڈالا گیا کاروبار تباہ کیا گیا تین سالوں سے عدالتوں کی پیشیاں بھگت رہا ہوں میرا قصور صرف اور صرف عوام کی بلا امتیاز خدمت کرنا ہے جو میرے زندگی کا مقصد ہے میری زندگی عوام کی امانت ہے، متعدد بار حملوں میں اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے محفوظ رہا میں نے اپنی زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کی ہے اور میرا مقصد صرف اور صرف عوام کی بلا امتیاز خدمت کرنا ہے انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں غربت کے خاتمے کے بجائے غریب کو ختم کیا جا رہا ہے موجودہ حالات سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے اس ظالم اور نا اہل حکومت کو گھر بھیجنا پڑے گا۔