گورنر سندھ کی کورنگی میں بے بی ماہم کے قتل پر تعزیت کے لئے اس کے والدین سے رہائشگاہ پر ملاقات

دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں،مجرموں کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، گورنر سندھ کراچی کو سیف سٹی میں تبدیل کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ ممکن نہیں ہے کہ ہر شخص کی حفاظت کے لئے ایک پولیس اہلکار معمور کیا جائے

جمعہ 30 جولائی 2021 23:33

گورنر سندھ کی کورنگی میں بے بی ماہم کے قتل پر تعزیت کے لئے اس کے والدین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گذشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی میں بے بی ماہم کے قتل پر تعزیت کے لئے اس کے والدین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زماں بھی تھے۔ملاقات میں متاثرہ فیملی سے گورنر سندھ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔

گورنر سندھ نے بے بی ماہم کے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ مجرموں کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ گورنر سندھ نے ماہم کے والدین کے ہمراہ ایثال ثواب کے لئے دعا کی۔ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بے بی ماہم کی رہائشگاہ پر گورنر سندھ نے میٍڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ ظلم کوئی نہیں ہوسکتا کہ بچی کے ساتھ زیادتی کی جائے اور اسے مار کر کچرے میں پھینک دیا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان بھی اس واقعہ سے مغموم ہیں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ ہم ہر اعتبار سے متاثرہ فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس واقعہ سے علاقے اور متاثرہ فیملی میں خوف و حراس پھیلا ہے اور اس خوف و حراس کو ختم کرنا ریاست کی ذمیداری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معصوم بچی کے لاپتہ ہوتے ہی پولیس ایکشن میں آگئی تھی،کیس کے مرکزی ملزم کو بھی آج گرفتار کرلیا ہے جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ملزم کی شناخت ظاہر کی جائیگی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کو سیف سٹی میں تبدیل کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ ممکن نہیں ہے کہ ہر شخص کی حفاظت کے لئے ایک پولیس اہلکار معمور کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ہی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی / ریپ کرنے والوں کو سزائے موت دینے کا قانون بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے لیے ذلت والی موت سے بڑی کوئی سزا نہیں ہے۔