وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا اچانک دورہ کیا سوشل میڈیا پر وائرل

قیدیوں میں گھل مل گئے،گپ شپ کی،قیدی کی ہرنیا کے درد کی شکایت پر فوری آپریشن کروانے کے احکامات

ہفتہ 31 جولائی 2021 21:27

وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا اچانک دورہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اچانک ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا دورہ کیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ،ایک قیدی کے ہرنیا کے درد کی شکایت پر فوری آپریشن کروانے کے احکامات جاری کر دیئے۔وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے بغیر اطلاع ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا دورہ کیا ۔ملتان کی حبس زدہ گرمی میں قیدیوں کی خیریت دریافت کی۔

وزیر جیل خانہ جات نے جیل میں صفائی ستھرائی، کچن، ہسپتال اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔فیاض الحسن چوہان قیدیوں میں گھل مل گئے اور ان سے گپ شپ کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے قیدیوں سے ان کے ساتھ جیل عملے کی جانب سے روا رکھے جانے والے سلوک بارے استفسار کیا۔صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے بیرکوں میں پنکھوں، واش رومز اور پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔

ایک قیدی کے ہرنیا کے درد کی شکایت پر فوری آپریشن کروانے کے احکامات جاری کر دیئے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جیل ہسپتال میں آنے والے مریض قیدیوں کی ہر ممکن بہترین طریقے سے ٹریٹ کیا جائے،محکمہ جیل خانہ جات قیدیوں کا نگران ہے، قیدیوں کے ساتھ بہترین طریقے سے پیش آیا جائے۔ کسی قیدی کے ساتھ غیر انسانی اور غیر اخلاقی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔