حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے،سراج الحق

غربت بے اورروزگاری میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے،عوام روزانہ بری خبر سنتے ہیں، مہنگائی ناقابل برداشت ہو چکی ہے،۔امیر جماعت اسلامی

پیر 2 اگست 2021 22:05

حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے،سراج الحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2021ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں غربت بے روزگاری اور پسماندگی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر معیشت ترقی کر رہی ہے تو مہنگائی اور تجارتی خسارے میں مسلسل اضافہ کیوں ہو رہا ہے روپے کی قدر مسلسل کم کیوں ہو رہی ہے اور قرضوں پر انحصار کیوں بڑھ رہا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے یہ بات جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکن اور اسلامی جمعیت طلباء سوات کے سابق ناظم حفیظ الرحمان کے عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے کسی شعبے کو بہتر نہیں بنا سکی ہے نہ کچھ کنٹرول کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ملک پر مافیا راج قائم ہے عوام ناامید ہو چکے ہیںاور ملک کو بند گلی میں دھکیلا جا رہا ہے۔

سونامی سرکارعوام پر بوجھ بڑھا کر سرمایہ داروں کو ریلیف دے رہی ہے جس سے بے چینی اور امیر و غریب کا فرق بڑھتا جا رہا ہے۔عوام کے لئے ہر آنے والا دن بری خبر لاتا ہے جس سے انکی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ ریلیف بیانات تک محدود ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی ساری توجہ انتقامی سیاست، سیاسی محاز آرائی پراپیگنڈے اور میڈیا کا گلہ گھونٹنے پر مرکوز ہے جسکی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد اسے ناکام قرار دے رہی ہے۔ہم پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں سب کو یکساں حقوق ملیں، کسی پر ظلم نہ ہو اور قانون سب کے لئے برابر ہو۔