Nتحریک انصاف کے عہدیداران اور رہنمائوں کا صوبائی دارلحکومت لاہور میں مختلف درجنوں مقامات پر 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر سیمینار ، ریلیوں اور مظاہروں کا اہتمام

جمعہ 6 اگست 2021 00:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2021ء) تحریک انصاف کے عہدیداران اور رہنمائوں نے صوبائی دارلحکومت لاہور میں مختلف درجنوں مقامات پر 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر سیمینار ، ریلیوں اور مظاہروں کا اہتمام کیا، اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ، کارکنوں نے نریندر مودی کے پتلے اور بھارتی پرچم نذر آتش کیا، کارکنوں نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے پر بھارت کے خلاف نعرے درج تھے، سیمینارریلیوں اورمظاہروں کے شرکاء سے پارٹی رہنمائوں ملک حماد علی اعوان، راشدمنیر، طاہر اقبال چوہدری، رانا عارف مشتاق، حاجی محمد فیاض ،شاہ رخ جمال بٹ، سجاد مہیس ،رانا محمد تنویر ، عامر خلیل ، رانا عبدالسمیع،چوہدری محسن مزمل ، عثمان کبیر کمبوہ ، قاسم جلالی ، میاں شہبازشریف جندرا ، عمر کسانہ ، میاں زبیر اکرم ، یونس چشتی،آصف جٹ ، مہرنعیم اللہ تاج ، آصف بھٹی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی خون کے آخری قطرے تک کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، 5 اگست کے بھارتی اقدام کو کشمیریوں نے بُری طرح مسترد کیا ہے، قابض بھارتی فوج کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکی ، کشمیریوں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ بائیس کروڑ پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، رہنمائوں نے کہاکہبھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں اور ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہیں، فاشسٹ نریندرمودی نے مقبوضہ وادی کو کھلی جیل کے اندر تبدیل کررکھا ہے، عالمی برادری کی منافقت اور دوغلہ پن کھل کر سامنے آگیا ہے، مظلوم کشمیری قابض بھارتی فوج کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی، انہوں نے کہاکہ مودی حکومت آج دنیا بھر میں بے نقاب اور ذلیل ورسوا ہورہی ہے ، مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی انتہاء کر رکھی ہے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اقوام متحدہ سمیت دیگراداروں نے مجرمانہ طور پر خاموشی اختیار کررکھی ہے۔