چئیرمین سینیٹ کی لورالائی کے قریب ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت

ہفتہ 14 اگست 2021 13:11

چئیرمین سینیٹ کی  لورالائی کے قریب ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2021ء) چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان کے علاقہ لورالائی کے قریب ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے اہلکار کی بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی۔ ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن کیلئے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ اس طرح کی  بزدلانہ تخریبی کارروائیوں سے ملک اور بالخصوص بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ  دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو بلوچستان میں قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔