سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون و بیرون ملک فضائی سفر کیلئے نئی پابندی عائد کر دی

یکم اکتوبر سے مسافروں کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ لازمی قرار، کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ رکھنے سے متعلق ہدایت نامہ جاری، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 4 ستمبر 2021 18:23

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون و بیرون ملک فضائی سفر کیلئے نئی پابندی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبارہ تازہ ترین، 4 ستمبر 2021) یکم اکتوبر سے اندرون و بیرون ملک فضائی سفر کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار، سول ایوی ایشن اتھارٹی نےنیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پاکستان نےکورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ رکھنے سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا۔ہدایت نامے کے مطابق ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس پرکورونا ویکسینیشن یکم اکتوبر سے لازمی قرار دے دی گئی ہے جس کے بعد یکم اکتوبر سے بغیر کورونا ویکسینیشن کے فضائی سفر پر پابندی ہوگی۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ ہوگا جبکہ مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق معالج کا میڈکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں کیلئے سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کی شرط برقرار رہے گی جبکہ بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے پاکستان کے ائیرپورٹس پر ریپڈ ٹیسٹ ہوں گے۔

سی اے اے نے تمام ائیرلائنز کو نئی ہدایات پر سختی سے عمل کی ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھی ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق ہدایت جاری کی ہے۔ این سی او سی کے مطابق جن شہریوں کی دوسری ڈوز کا وقت ہوچکا ہے وہ میسیج کا انتظار کیے بغیر دوسری خوراک لگواسکتے ہیں۔این سی اوسی کا کہنا ہے کہ دوسری ڈوز کسی بھی ویکسین سینٹر سے لگوائی جاسکتی ہے جبکہ اتوار کا دن خصوصی طور پر دوسری ڈوز کیلئے مقرر ہے۔

دوسری جانببیرون ملک جانے والے پاکستانیوں بوسٹر ویکسین کی نئی گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں۔ مشرق وسطیٰ اور یورپ جانے والوں کو بوسٹر خوراکیں لگائی جائیں گی، مختلف کمپنیوں کی کورونا ویکسین لگوانے کیلئے اضافی چارجز دینا پڑیں گے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں نئی گائیڈ لائنز جاری کردیں، مشرق وسطیٰ اور یورپ جانے والے مسافروں کو کورونا ویکسین کی بوسٹر خوراکیں فراہم کی جائیں گی، مختلف کمپنیوں کی کورونا ویکسین لگوانے کیلئے اضافی چارجز دینا پڑیں گے، وزارت صحت کی جاری کردہ ہدایات میں تعلیمی اور سیاحتی ویزہ والوں کیلئے بوسٹر ویکسین لگوانے سے متعلق بتایا گیا ہے، 17سال تک مسافروں کو ویکسین کی سنگل ڈوز جبکہ 18سے زائد عمر مسافروں کو تین مختلف کمپنیوں کی ویکسین لگائی جاسکے گی، بوسٹر ویکسین والوں کو 1270روپے اضافی دینا ہوں گے۔

بوسٹر ویکسین لگانے کیلئے مختلف شہروں میں سنٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔مزید برآں حکومت نے بوسٹر ویکسین سے متعلق گائیڈ لائنز بھی جاری کی ہیں، گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ شہری گائیڈ لائن کے مطابق مطلوبہ ویکسین بطور بوسٹر لگوا سکیں گے۔ بیرون ملک مقیم، ملازم، طلباء، سیاحوں اور عمرہ حج کرنے والے اہل ہوں گے، بوسٹر کے لیے صرف سائنوفارم، سائنوویک، فائزر ویکسین لگائی جائے گی، 12سے 17 سال کی عمر کے بچے گائیڈ لائن کے مطابق فائزر ویکسین لگوا سکیں گے، اسی طرح 18سال سے زائد عمر کے افراد سائنو فارم، سائنوویک اور فائزر لگواسکیں گے، گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا کہ جن افراد کو ویکسین لگوائے 28 دن یا اس سے زائد کا عرصہ ہوا وہی بوسٹر کے لیے اہل ہونگے۔