سگریٹ پینے والوں میں کورونا کی بیماری میں مبتلا ہونے کا امکان 50 فیصد زیادہ ہے، اقوام متحدہ

پیر 6 ستمبر 2021 16:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2021ء) اقوام متحدہ نے کہاہے کہ تمباکو نوشی کرنے والوں میں کورونا کی بیماری میں مبتلا ہونے کا امکان 50 فیصد زیادہ ہے۔عالمی ادارہ صحت کے انسداد سگریٹ نوشی یونٹ کی ایک عہدیدار ڈاکٹر ہیبی گودہ نے ایک انٹرویو میں کہاکہ شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ تمباکو نوشی کرنے والوں میں کورونا کی بیماری میں مبتلا ہونے کا امکان 50 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشِی کرنے والے لوگوں کے کورونا جیسی علامات پر اسپتال لائے جانے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔ زیادہ کیسز انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں لائے جاتے ہیں، جہاں انہیں مصنوعی آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سگریٹ پینے والے میں کوویڈ 19 کی بیماری سے مرنے کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے، کیونکہ تمباکو دل کی بیماریوں کا باعث بنتا ہے، کینسر، ذیابیطس اور پھیپھڑوں کی دائمی بیماریاں سیگریٹ نوشی کا نتیجہ ہیں۔