طالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے چین کے ایلچی وانگ یو کی ملاقات ، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مالی امداد کا اعلان

منگل 14 ستمبر 2021 23:49

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2021ء) طالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے چین کے ایلچی وانگ یو نے ملاقات کی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر اللہ متقی سے افغانستان کے لیے چین کے خصوصی ایلچی وانگ یو نے اہم ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ترجمان طالبان نے کہاکہ ملاقات میں چین کے ایلچی برائے افغانستان وانگ یو نے نئی حکومت کے قیام پر مبارک باد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر چین کے ایلچی نے کورونا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی مالی امداد کی فراہمی سے آگاہ کیا۔ترجمان طالبان کے مطابق ملاقات کے دوران چین کے خصوصی ایلچی نے افغانستان کے ساتھ انسانی، معاشی، سیاسی تعاون اور تعلقات قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے چین کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین اور افغانستان ہمسائیہ ممالک ہیں اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی دونوں فریقوں کے مفاد میں ہے۔