بھارت میں گزشتہ سال جرائم کی شرح میں 28فیصد کا اضافہ ہوا،این سی آر بی رپورٹ

جمعرات 16 ستمبر 2021 12:53

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2021ء) بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی)کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  بھارت میں گزشتہ سال  جرائم کی شرح میں 28فیصد کااضافہ ہوا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق  کورونا وائرس کی وبا کے باعث رواں  سال  پولیس کو سب سے زیادہ جعلی خبروں ،فسادات ، ماحولیاتی قوانین اور ملاوٹ سے متعلق جرائم کا سامنا رہا ۔

این سی آر بی کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ  2019کے مقابلے میں گزشتہ سال جعلی خبروں اورافواہوں کی گردش میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ۔بھارت میں 2018میں جعلی خبریں اور افواہیں پھیلانے پر 280مقدمات درج کیے گئے تھے ، 2019میں ان مقدمات کی تعداد بڑھ کر 486ہوگئی جبکہ گزشتہ سال ان مقدمات کی تعداد دوگنا ہو کر ایک ہزار527تک پہنچ گئی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزیدکہا گیا کہ گزشتہ سال فسادات سے متعلق مقدمات کے اندراج میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

گزشتہ سال  کورونا وائرس کی وبا کے باوجود2019کے مقابلے میں مذہب، مسلک ، ذات پات، زراعت اور اراضی سے متعلق تنازعات میں اضافہ دیکھا گیا۔بھارت میں 2019میں فسادات کے 45ہزار985 مقدمات کے مقابلے میں گزشتہ سال فسادات کے مجموعی طورپر 51ہزار606مقدمات درج کئے گئےجن  میں 857 مذہبی ، 2ہزار188زرعی ، 10ہزار652جائیداد سے متعلق تنازعات اوردیگر شامل ہیں۔

این سی آر بی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں 2019کے مقابلے میں گزشتہ سال کورونا وائرس  پھیلائو میں  تیزی کے باوجود مجموعی طور پر جرائم میں28فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔اگرچہ بھارت میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں کو جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافے کی بنیادی وجہ قراردیاجارہا ہے ۔تاہم رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طورپر 66لاکھ ایک ہزار 285قابل دست اندازی جرائم کے مقدمات درج کئے گئے جن میں تعزیرات ہند کی خلاف ورزیوں کے 42لاکھ 54ہزار356 اور خصوصی اور مقامی قوانین کے تحت 23لاکھ46ہزار929مقدمات شامل ہیں ۔

بھارت میں گزشتہ سال سائبر کرائم کے جرائم میں 11.8فیصد  اضافہ ہوا اس دوران سائبر کرائم کے 50ہزار35مقدمات درج کئے گئے جبکہ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر جعلی خبروں سے متعلق578واقعات بھی رپورٹ ہو ئے ۔ بھارت میں گزشتہ سال آن لائن بینکنگ فراڈ کے 4ہزار47، پاسورڈ کی چوری کے ایک ہزار 93اور کریڈٹ کارڈ سے متعلق فراڈ کے ایک ہزار194مقدمات بھی درج کئے گئے ۔