رحیم یار خان ،کورونا ویکسین کے عمل کو تیزی سے جاری رکھا جائے ،دوسری ذوز کے حامل افراد کی آگہی کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 16 ستمبر 2021 23:35

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے عمل کو تیزی سے جاری رکھا جائے اور دوسری ذوز کے حامل افراد کی آگہی کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے کہ ایسے تمام افراد جو 28روز قبل ویکسین کی پہلی ڈوز لگوا چکے ہیں وہ مزید میسج کا انتظار نہ کریں اور نزدیکی ویکسین سنٹر پر جاکر دوسری ڈوز بھی لگوائیں۔

یہ بات انہوں نے ضلعی انسداد کورونا کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے محفوظ رہنے کے لئے شہری ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری پٴْر ہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔اس موقع پر انہوں نے ضلع میں کورونا ویکسین کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے پیغام بھیجنے والے خود کار نظام میں سست روی کی وجہ سے شہری دوسری خوراک کے لئے ویکسین سنٹر پر نہیں آ رہے تاہم شہریوں کی آگہی کے لئے مہم چلائی جائے گی کہ ایسے تمام شہری جو پہلی خوراک لگوا چکے ہیں وہ موبائل پر پیغام کا انتظار نہ کریں اور 28روز مکمل ہونے کے بعد کسی بھی نزدیکی سنٹر پر جاکر ویکسین لگوسکتے ہیں۔