کراچی ،ضلع کورنگی پولیس کا کریک ڈاؤن 37ملزمان گرفتار

ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان کا کرمنلز و جرائم پیشہ کے خلاف کاروائیوں کا خصوصی ٹاسک ، بڑے پیمانے پر برآمدگیاں

جمعہ 17 ستمبر 2021 16:53

کراچی ،ضلع کورنگی پولیس کا کریک ڈاؤن 37ملزمان گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2021ء) ضلع کورنگی کے 8تھانوں نے کرمنلز و جرائم پیشہ کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے 37ملزمان گرفتار کر لیے۔ جبکہ پولیس مقابلے میں جدید رائفل سمیت خطرناک ملزم بھی پکڑا گیا۔ گرفتار شدگان سے اسلحہ، بڑے پیمانے پر گٹکا، چرس، موٹر سائیکلیں اور دیگر اشیاء برآمد کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان کے خصوصی ٹاسک پر ضلع کے 8تھانوںلانڈھی، زمان ٹاؤن، کورنگی ، شاہ فیصل کالونی، عوامی کالونی، کورنگی صنعتی ایریا، سعودآباد اور کھوکھراپار پولیس نے اپنے اپنے علاقوں میں ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز، موٹر سائیکل لفٹر گروہوں، منشیات و گٹکا مافیاز، مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف بھر پور ایکشن کر کے مجموعی 37ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

کاروائیوں کے دوران زمان ٹاؤن پولیس نے مقابلے کے دوران خطرناک ملزم غلام رسول کو جدید رائفل و دیگر سامان سمیت گرفتار کر لیا۔ جبکہ کاروائیوں میں لانڈھی پولیس نے 12، عوامی کالونی نے 6، زمان ٹاؤن نے 5، کورنگی نے 4، شاہ فیصل کالونی نے 4، کورنگی صنعتی ایریا نے 3، سعودآباد نے 2اور کھوکھراپار پولیس نے ایک ملزم گرفتار کیا۔ کاروائیوں کے دوران گرفتار شدگان سے 14کلو 700گرام چرس، 20کلو گرام کھلا گٹکا، سینکڑوں پیکٹ گٹکا ماوا، مین پوری، 20کلو گرام چھالیہ، ایک کلو 180گرام بھنگ، ہیروئن کی متعدد پڑیاں، 4موٹرسائیکلیں، ایک جدید رائفل، ایک پستول، 40کارتوس، 2میگزین، 68گرام آئس اور موبائل فونز برآمد کر لیے۔

ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے بر وقت اور بہتر کارکردگی پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو شاباش دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔