اتحاد ایئرویز نے ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا

ٹکٹوں پر رعایت مال آف دبئی میں قائم پاپ اپ اسٹینڈ سے ٹکٹ خریدنے پر دی جائے گی،اسٹینڈ عام دنوں میں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک کھلا رہے گا۔ خلیج ٹائمز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 ستمبر 2021 23:43

اتحاد ایئرویز نے ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17ستمبر2021ء) اتحاد ایئرویز نے ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا ہے، ٹکٹوں پر رعایت مال آف دبئی میں قائم پاپ اپ اسٹینڈ سے ٹکٹ خریدنے پر دی جائے گی،اسٹینڈ عام دنوں میں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک کھلا رہے گا۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اتحاد ایئرویز نے مال آف دبئی میں قائم پاپ اپ اسٹینڈ سے ٹکٹ خریدنے پر 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا ہے۔

  ویک اینڈ کے دوران مسافر درمیانی شب تک ٹکٹ رعایتی نرخوں میں خرید سکیں گے۔ جبکہ اسٹینڈ عام دنوں میں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک کھلا رہے گا۔ پاپ اپ اسٹینڈ مال آف ایمریٹس کے گراؤنڈ فلور پر واقع ہے، وہاں سے بھی مسافر ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ مال آف دبئی میں قائم پاپ اپ اسٹینڈ سے مستقبل کی بکنگ کے لیے بھی 25 فیصد رعایت کے کوڈز حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹکٹوں پر رعایت اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس کے مسافروں کے لیے دستیاب ہیں۔ مارکیٹنگ اینڈ اسپانسرشپ اتحاد ایئرویز کی نائب صدر آمنہ طاہر نے کہا کہ بیرون ملک سے ابوظبی پہنچنے والے تمام ویکسین شدہ مسافروں کے لیے قرنطینہ کے بعدمسافروں کو دوبارہ سفر کرنے کی ترغیب دینے کیلئے اس موقع کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔دوسری جانب دبئی ایکسپو 2020 میں آنے والوں میں سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کو مفت پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت دے دی گئی۔

منتظمین کی جانب سے عالمی میلے کو دیکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے وزیٹرز کا یا تو کوویڈ 19 کے خلاف ویکسی نیشن مکمل ہونا ضروری ہے یا 72 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا ہوگی ، غیر ویکسی نیشن شدہ افراد کے لیےایکسپو ون ڈے یا ملٹی ڈے پاس کے ساتھ کسی بھی درست ایکسپو 2020 ٹکٹ پر پی سی آر ٹیسٹ مفت ہوگا۔

اسی طرح ایکسپو منتظمین کی جانب سے اعلان کردہ تازہ ترین حفاظتی پروٹوکول میں کہا گیا ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی میں آنے والے ایسے افراد جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے ان کے لیے کورونا ویکسی نیشن یا منفی پی سی آر ٹیسٹ کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہوگا ، ایکسپو وزیٹرز کو یو اے ای حکومت کی طرف سے تسلیم شدہ کوئی بھی ویکسین لگوانا ہوگی یا پچھلے 72 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر ٹیسٹ کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔