ُ19 ستمبرکو مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کریں گے، ثمر ہارون بلور

ہفتہ 18 ستمبر 2021 22:58

ٖپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ تبدیلی کے دعویداروں نے مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ آئے روز اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ غریب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مزید مشکلات سے دوچار کیا جارہا ہے۔ 19 ستمبر کو اے این پی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کریں گے۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا کہ نااہل و نالائق حکومت نے تین سال کی مایوس کن کارکردگی سے ملکی معیشت تباہ کردی ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام موجودہ حکمرانوں کو بددعائیں دینے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

حکمران ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔ اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو سبزباغات دکھائے گئے تھے لیکن حقیقت آج سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے والوں نے لوگوں سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار سے محروم کردیا ہے۔مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے تنگ عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ حکمران اقتدار میں آئے ہیں مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ تحریک انصاف کے تین سالہ دور اقتدار میں پاکستان کی عوام نے اچھا دن نہیں دیکھا۔

مہینے میں دو دفعہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔ گیس اور بجلی کے نرخوں اور ٹیکسز میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ آئے روز حالات کی بگڑتی صورتحال نے حکمرانوں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔ غریب عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور ان سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا ملک میں سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے لیکن عوام آج بھی بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔

وفاق کے ذمے بجلی اور گیس رائلٹی کی مد میں اربوں روپے بقایا ہیں۔ مرکز اور صوبے دونوں میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے لیکن صوبائی حکومت صوبے کے حق کے لئے آواز اٹھا رہی ہے اور نا ہی وفاقی حکومت صوبے کی عوام کی حالت پر رحم کررہی ہے۔ انہوں نے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں سے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مزید دیوار سے لگانے سے گریز کیا جائے اور ان کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔