پاک بحریہ کی جانب سے گھارو اور چوہڑ بندر میں مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد

میڈیکل کیمپس میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا

پیر 20 ستمبر 2021 17:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) کریکس اور ساحلی علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے اوربالخصوص کرونا وباکے پیشِ نظر پاک بحریہ نے رورل ہیلتھ سنٹر گھارو، ضلع ٹھٹھہ اور بلوچستان کے ساحلی گاں چوہڑ بندر میں مفت طبی کیمپس منعقد کئے۔گھارو میں مفت میڈیکل کیمپ ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن اور الفت فانڈیشن کے تعاون سے جبکہ چوہڑ بندر میں میڈیکل کیمپ پاک بحریہ کے ڈاکٹرز اورطبی عملے کی جانب سے قائم کیا گیا۔

میڈیکل کیمپس میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔ میڈیکل اسپیشلسٹ،ای این ٹی اسپیشلسٹ، چائلڈ اسپیشلسٹ، جنرل سرجن، گائناگالوجسٹ، اسکن اسپیشلسٹ اور جنرل ڈیوٹی میڈیل آفیسرز پر مشتمل ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور مشاورت فراہم کی۔

(جاری ہے)

کیمپس میں مریضوں کو مفت ادویات کے ساتھ ساتھ بنیادی جراحی کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

مزید برآں، مقامی آبادی کو زچگی کی صحت اور ماں اور بچوں کی غذائی ضروریات کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں۔ مریضوں کو عام انفیکشن ، ذاتی صحت ، حفظان صحت ، بچوں کی صحت کی دیکھ بھال ، بیماریوں کی روک تھام اور رہائشی علاقوں کی صفائی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔پاک بحریہ ساحلی پٹی پر آباد لوگوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ گھارو اور چوہڑ بندر میں میڈیکل کیمپس کا قیام ساحلی پٹی کی ترقی کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا عملی مظہر ہے۔

متعلقہ عنوان :