ناروال سپورٹس منصوبے کو کھنڈر بنا دیا گیا، قومی منصوبے کو کیوں نظر انداز کیا گیا ،احسن اقبال کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

کھیل کے شعبے میں صوبائی حکومتوں کو ذمہ داری اٹھانی ہوگی،سی سی آئی نے فیصلہ دیا ہے نارووال پراجیکٹ صوبے کو واپس بھیجیں، وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کا جواب

پیر 20 ستمبر 2021 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنمااحسن اقبال نے کہا ہے کہ ناروال سپورٹس منصوبے کو کیوں کھنڈر بنا دیا گیا،اس قومی منصوبے کو کیوں نظر انداز کیا گیا جس پر وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے کہاکہ کھیل کے شعبے میں صوبائی حکومتوں کو ذمہ داری اٹھانی ہوگی،سی سی آئی نے فیصلہ دیا کہ نارووال پراجیکٹ صوبے کو واپس بھیجیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسدقیصر کی ذیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں احسن اقبال نے کہاکہ ناروال سپورٹس منصوبے کو کیوں کھنڈر بنا دیا گیا،اگر ارشد وہاں پریکٹس کرتا تو گولڈ میڈل لے کر آتا،اس قومی منصوبے کو کیوں نظر انداز کیا گیا،وزارت میں بدین میں منصوبے لگانا شروع کر دیے۔

(جاری ہے)

جس پر وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہاکہ کھیل کے شعبے میں صوبائی حکومتوں کو ذمہ داری اٹھانی ہوگی،سی سی آئی نے فیصلہ دیا کہ نارووال پراجیکٹ صوبے کو واپس بھیجیں،اگر پسماندہ علاقے میں 20 کروڑ کا پراجیکٹ لگ جائے تو کیا ان کا حق نہیں ہے،یہ 3 ارب روپے کا پروجیکٹ نہیں ہے،ابھی صرف اس پروجیکٹ کا اعلان ہوا ہے،آپ کو خیال نہیں آیا کہ اپنی حکومت میں سندھ کو کچھ دیں،یہ میرے حلقے والوں اور میرا حق ہے،آپ منصوبہ نارووال کیوں لے کر گئے،نقصان بچوں کا ہو رہا ہے،کوئی کھیلوں کو سٹرکچر نہیں ہے،سپورٹس پالیسی 2005 میں آئی،سپورٹس پالیسی 2021 تیار ہے۔