اسلام آباد ہائیکورٹ نے زبردستی ویکسی نیشن کیخلاف درخواست مسترد کردی

ویکسین کی مخالفت کرنے والے حکومت پر اعتماد اور دوسرے شہریوں کے حقوق کا خیال کریں، یکارڈ پرکوئی ایسی ریسرچ نہیں کہ ویکسین زندگی کیلئے خطرہ ہے، ویکسین کو ڈبلیو ایچ او نے بھی محفوظ قرار دیا، عدالت کا تحریری فیصلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 ستمبر 2021 18:12

اسلام آباد ہائیکورٹ نے زبردستی ویکسی نیشن کیخلاف درخواست مسترد کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 ستمبر2021ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے زبردستی کورونا ویکسی نیشن کیخلاف درخواست مسترد کردی، ویکسین کی مخالفت کرنے والے دوسرے شہریوں کے حقوق کا خیال کریں، شہریوں کو حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کرنا چاہیے، یکارڈ پرکوئی ایسی ریسرچ نہیں کہ ویکسین زندگی کیلئے خطرہ ہے، ویکسین کوڈبلیو ایچ او جیسے اداروں نے بھی محفوظ قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے زبردستی کورونا ویکسی نیشن کیخلاف درخواست مستردکردی ہے،چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کو ریاست کے شہریوں کو جان لیوا کورونا سے بچانے کی پالیسیوں پر اعتماد کرنا چاہیے، ویکسین کی مخالفت کرنے والے دوسرے شہریوں کے حقوق کا خیال کریں، آئین میں دی گئی بنیادی حقوق کی ضمانت کچھ پابندیوں سے مشروط ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ سائنسدانوں اور پروفیشنل محققین نے انسانوں کو بچانے کی ویکسین تیار کی، ڈبلیو ایچ او جیسے اداروں نے ویکسین کو محفوظ قرار دیا، ابھی تک ریکارڈ پرکوئی ایسی ریسرچ نہیں کہ جس سے ثابت ہو کہ ویکسین سے زندگی کو خطرہ ہے، ویکسین نہ لگوانے والے وباء سے بچاؤ کیلئے حکومتی کوشش میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ کچھ لوگوں کی رکاوٹ کے باعث انسداد پولیو مہم پہلے ہی رکاوٹ بنتی رہی، درخواست گزار نے اپنے مئوقف کے حق میں کوئی ٹھوس مواد پیش نہیں کیا، لہذا کورونا ویکسی نیشن کیخلاف دائر درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

واضح رہے این سی اوسی نے یکم اکتوبر پابندیوں سے متعلق انتباہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت یکم اکتوبرسے ایسے تمام افراد پہ، جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی ، روزمرہ زندگی میں زیر استعمال بہت سی سہولیات کی بندش کر دی جائے گی۔ این سی اوسی نے ہدایت کی کہ ویکسینیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کروایں اور زندگی رواں رکھیں۔ وزارت صحت نے نئی پابندیوں سے متعلق فہرست جاری کردی ہے، جس کے تحت یکم اکتوبر سے غیر ویکسین شدہ افراد پر پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر، ہوٹل، ریسٹورنٹ، شادی ہال میں بھی داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔