فیصل آباد، گندم کے پیداواری اہدا ف کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل

بدھ 22 ستمبر 2021 14:38

فیصل آباد،  گندم کے پیداواری  اہدا ف کو یقینی  بنانے کے لیے خصوصی کمیٹی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) صوبائی  وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے گندم کے پیداواری  اہدا ف کو یقینی  بنانے کے لیے  خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے،  جس میں سیکرٹری زراعت اسد رحمان گیلانی،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ ڈاکٹر محمد اسلم،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات محمد رفیق اختراورڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ عبدالقیوم و دیگر شامل ہوں گے جبکہ مذکورہ کمیٹی گندم کی آئندہ بوائی کے موقع پرپیداواری اہداف کے مطابق حکمت عملی مرتب کرنے  اورپیداوار میں اضافہ کیلئے اقدامات یقینی بنائے گی۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ گندم کی آئندہ فصل کے پیداواری اہدا ف کو یقینی بنانے کیلئے کاشتکاروں کو فیلڈ سٹاف کی راہنمائی میں جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور بوائی کے موقع پر کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا  کہ گندم کی بوائی کے موقع پر کاشتکاروں کو نہری پانی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) محکمہ آبپاشی کے حکام سے میٹنگ کرکے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر زراعت پنجاب گندم کی بوائی کے موقع پر خودتمام امورکی مانیٹرنگ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی ممنوعہ اقسام کو کاشت نہ کرنے سے متعلق کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ کاشتکار منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں جس سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت نے گندم سمیت فصلات ربیع کی بھرپور کاشت یقینی بنانے کیلئے فارمرزڈیز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اس ضمن میں زراعت افسرا ن اور دیگر فیلڈ سٹاف پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل د یدی گئی ہیں جو یونین کونسلز کی سطح پر تمام دیہاتوں میں جا کر کاشتکاروں کو گندم کی کاشت اور دیگر فصلات ربیع بارے  رہنمائی اور مشاورت سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کی ترغیب فراہم کریں گی تاکہ بمپر کراپس کاحصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی زرعی جنس کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے جبکہ زمین اچھی طرح تیارکرنے، ہل و سہاگہ دینے کے بعد متعلقہ زرعی جنس کی منظورشدہ اقسام کا صحت مند، ہر قسم کی بیماریوں سے پاک منظور شدہ اور مقررہ مقدار کے مطابق بیج کااستعمال بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فارمرز ڈیز کے دوران کاشتکاروں کو فصلات کی کاشت کے موزوں وقت، کاشت کے طریقہ کار، شرح بیج، آبپاشی، جڑی بوٹیوں کے خاتمہ سمیت دیگر امور بارے  بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔