سکھرمیں سیپکو ملازمین کا یوم مطالبات ،پریس کلب کے سامنے دھرنا

ملازمین کا بجلی کمپنیوں سے بی او ڈیز ختم کرنے کا مطالبہ ،نجکاری کے عمل کے خلاف سخت مزاحمت کا اعلان

بدھ 22 ستمبر 2021 22:32

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) سکھرمیں سیپکو ملازمین کا یوم مطالبات ،پریس کلب کے سامنے دھرنا ،ملازمین کا بجلی کمپنیوں سے بی او ڈیز ختم کرنے کا مطالبہ ،نجکاری کے عمل کے خلاف سخت مزاحمت کا اعلان تفصیلات کے مطابق آل واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کی جانب سے بجلی کمپنیوں کی نجکاری ،افسر شاہی کی زیادتیوں کے خلاف دی گئی یوم مطالبات احتجاج کی کال پر سکھر میں سیپکو ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی کرکے یوم مطالبات منایا اور پریس کلب کے سامنے سیکڑوں ملازمین نے ریجنل وائیس چیئرمین سید زاہد حسین شاہ ،زونل چیئرمین شجاعت علی گھمرو،عبدالرؤف دایو ،نذر میمن ،محمدعلی ،عرفان قاضی،دیدار حسین ،اشفاق مہر،عقیل دایو ،خلیل ڈومکی،عبدالخالق ساوند و دیگر کی قیادت میں دھرنا دیا اور حکومت کے نجکاری کے عمل کے خلاف فلگ شگاف نعرے بازی کی اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کمپنیوں میں قائم بورڈ آف ڈائریکٹرز کمپنیوں پر اضافی بوجھ ہیں ان کا خاتمہ کیا جائے اور بجلی کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کے عمل کو روکا جائے اگر حکومت نے ایسی کوئی کوشش کی تو اس کی ملک بھر میں سخت مزاحمت کریں گے ،رہنماؤں نے مزید کہا کے دن رات ادارے کیلئے کام کرنے والے محنت کش واپڈا مزدور اپنے جائز حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں لیکن ان کے مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے ان میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے انہوں نے افسر شاہی کو بھی متنبیہ کیاکہ ملازمین کے خلاف بلاجواز کاروائیاں بند کرکے ان کے ساتھ اپنے رویئے کوبہتر بنائے اور ملازمین کے جائز حقوق منظور کئے جائیں بصورت دیگر ان کا گھیراؤ کرکے احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔