بورس جونسن انگلینڈ ٹیم کے پاکستان نہ جانے پر ناخوش

انگلش بورڈ کے دورہ پاکستان سے انکار پر دونوں ممالک کی حکومتوں کے مابین تعلقات خراب ہوئے:ٹائمز اخبار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 ستمبر 2021 15:07

بورس جونسن انگلینڈ ٹیم کے پاکستان نہ جانے پر ناخوش
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) برطانوی وزیراعظم بورس جونسن انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی ) کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر کے نام پر دورہ پاکستان سے انکار کیے جانے پر انتہائی ناخوش ہیں ۔ ٹائمز اخبار کے مطابق بورس جونسن اور ان کی کابینہ کے سینئر ارکان کا خیال ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم ہاؤس اور کلچرل منسٹری سے مشورہ مانگا تھا تاہم دورہ پاکستان سے انکار کرکے یکطرفہ سنایا جس کے باعث پاکستان اور برطانوی حکومتوں کے مابین تعلقات خراب ہوئے ہیں ۔

اخبار کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد برطانوی حکومت کے لیے رواں سال کے آخر میں ایشز سیریز کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ یاد رہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کرسچن ٹرنر نے واضح کیا کہ پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا گیا، اس فیصلے سے برطانوی حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان محفوظ ملک ہے، برطانوی سفارت خانے نے سکیورٹی کے حوالے سے کوئی الرٹ جاری نہیں کیا، انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان سکیورٹی خدشات کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ ایک مایوس کن دن ہے، انگلش ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر مجھ سے زیادہ اور کوئی افسردہ نہیں تاہم اب یقین دلاتا ہوں کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورہ پاکستان کیلئے مل کر کام کریں گے۔