ویمن کرکٹرز نے کپتان جویریہ خان پر ٹیم میں گروپ بندی کا الزام لگا دیا

کپتان 2،3 کھلاڑیوں کے سوا بات نہیں کرتی:سدرہ نواز،جنوبی افریقہ کیخلاف ففٹی بنائی، کپتان کو پسند نہ آئی،کھلاڑیوں کو داد دینے سے منع کردیا :ندا ڈار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 24 ستمبر 2021 11:57

ویمن کرکٹرز نے کپتان جویریہ خان پر ٹیم میں گروپ بندی کا الزام لگا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 ستمبر 2021ء ) کراچی میں حالیہ اجلاس کے بعد پاکستان ویمن ٹیم میں گروپنگ کی اطلاعات کی تصدیق ہوگئی ہے۔ چیف سلیکٹر عروج خان نے کل ایک میٹنگ بلائی تھی جس میں پی سی بی کے سی ای او وسیم خان بھی موجود تھے۔ وسیم خان نے کہا کہ تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا کیونکہ ویمن کرکٹ ٹیم کامیابیاں حاصل نہیں کررہی ۔ دوسری جانب کھلاڑیوں نے کپتان جویریہ خان پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

سینئر کھلاڑی ندا ڈار نے ملاقات کے دوران ناانصافی کرنے پر جویریہ کو بلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش نہیں، میں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے کے دوران پچاس رنز بنائے لیکن جویریہ نے دیگر کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ میری تعریف نہ کریں۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر سدرہ نواز نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ٹیم میں گروپ بندی ہے جہاں کپتان صرف چند کھلاڑیوں سے بات کرتی ہیں۔

دریں اثناء جویریہ نے ملاقات کے دوران کھلاڑیوں کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ ایک مرحلے پر ندا ڈار نے ماضی کی تمام باتوں کو بھولنے کی کوشش کی اور جویریہ چلی گئی۔ ندا ڈار نے ان سے مصافحہ کرنے کی کوشش کی لیکن جویریہ غصے میں مصافحہ کرنے آگے نہیں بڑھیں اور چلی گئی۔ چیف سلیکٹر عروج نے مداخلت کی اور معاملہ رفع دفع کروایا ۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ بطور ٹیم کھیلیں۔ واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تین ٹی 20 اور پانچ ون ڈے کھیلے۔ قومی ٹیم کو ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وہ ون ڈے سیریز 2-3 سے ہاریں۔