بھارت کی نیشنل ٹی 20 کپ کیخلاف بڑی سازش ناکام ، راولپنڈی سٹیڈیم سے 3 بکی گرفتار

یاسرعرفات انکلوژرسے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،بکی ذیشان میمن گلشن اقبال کراچی کا رہائشی ،وجاہت حسین کا تعلق وہاڑی ،عبدالرحمٰن کا تعلق راولپنڈی سے ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 26 ستمبر 2021 14:27

بھارت کی نیشنل ٹی 20 کپ کیخلاف بڑی سازش ناکام ، راولپنڈی سٹیڈیم سے 3 بکی ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 ستمبر 2021ء ) پاکستانی سکیورٹی اداروں نے قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ پر بھارتی سازش ناکام بناتے ہوئے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے 3 بکی گرفتار کرلئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اس وقت قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ زوروشور سے جاری ہے لیکن بھارتیوں کو پاکستان میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہوئے ایک آنکھ بھی نہیں بھارہے جبکہ ٹورنامنٹ کو ناکام بنانے اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مرتبہ پھر بدنام کرنے کی بھونڈی کوشش کی گئی جسے پاکستانی سکیورٹی اداروں نے ناکام بنا دیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سکیورٹی اداروں اور اینٹی کرپشن یونٹ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 بکی گرفتار کئے ، گرفتار بکیز سے ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ کے میچز پر جواء کرانیوالے 3 بکیوں کو سٹیڈیم کے اندر سے گرفتار کیا گیا ، بکیوں کو یاسر عرفات انکلوژرسے رنگے ہاتوں پکڑا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بکی ذیشان میمن گلشن اقبال کراچی کا رہائشی ہے،جبکہ بکی وجاہت حسین وہاڑی اور عبدالرحمٰن کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔ خیال رہے کہ قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے ،ایونٹ کی کامیابی کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرک انفو بھی عالمی دنیا کو میچز سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہ کررہی ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹی20 کپ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ نے سکیورٹٰی کا بہانہ بناکر یکطرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ سیریز منسوخ کردی تھی جس کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان سے انکار کردیا تھا ۔ انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے انکار کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ،انگلش کمنٹیٹرز اور سابق کھلاڑیوں نے اپنے کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔