گیس کی قیمت میں 9 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہونے کا امکان

سردیوں میں گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے، مختلف سلیبوں کے بلوں میں 550 روپے سے لیکر 9000 روپے سے زائد کا اضافہ ہو گا، قیمتوں میں اضافے کی تجویز قابل مذمت ہے: سینیٹر شیری رحمان

muhammad ali محمد علی پیر 27 ستمبر 2021 20:33

گیس کی قیمت میں 9 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کا دعویٰ ہے کہ سردیوں میں گیس کی قیمت میں 9 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیٹرول، بجلی کے بعد حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جا رہی ہے ۔ اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کے نرخوں میں 35فیصد تک اضافے کی تجویز قابل مذمت ہے، سردیوں میں گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے، مختلف سلیبوں کے بلوں میں 550 روپے سے لیکر 9000 روپے سے زائد کا اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ یکم نومبر سے گھریلو صارفین کیلئے گیس 270 فیصد مہنگی کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں جس کے تحت مختلف سلیبز کے گیس بلز میں ساڑھے پانچ سو روپے سے لے کر نو ہزار روپے سے زائد تک کا ا ضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

گیس ریٹ میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر سے 28 فروری تک ہوسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا نیوز کے مطابق دستاویز میں بتایا گیا کہ پہلے دو سلیب والے گھریلو صارفین کے لیے گیس مہنگی نہیں ہوگی، ماہانہ 0.5 ہیکٹا میٹر کیوب استعمال پر ریٹ میں اضافہ نہیں ہوگا، ماہانہ ایک ہیکٹو میٹر کیوبک استعمال پر ریٹ میں اضافہ نہیں ہوگا، ماہانہ 2 ہیکٹو میٹر کیوبک پر ریٹ 553 کے بجائے 683 کرنے کی تجویز ہے، ماہانہ 2 ہیکٹو میٹر کیوبک پر بل 3733 کی بجائے 4295 روپے کرنے کی تجویز ہے، ماہانہ 3 ہیکٹو میٹر کیوبک کا ریٹ 738 کی بجائے 1000 روپے کرنے کی تجویز ہے۔

دستاویز کے مطابق ماہانہ 3 ہیکٹو میٹر کیوبک کا بل 8016 کی بجائے 10272 روپے کرنے کی تجویز ہے، ماہانہ 4 ہیکٹو میٹر کیوبک کا ریٹ 14400 کی بجائے 19495 روپے کرنے کی تجویز ہے، 4 ایچ ایم سے زائد پر ریٹ 1460 کی بجائے 2000 روپے ، ماہانہ 4 ایچ ایم سے زائد پر بل 25494 کی بجائے 34622 روپے کرنے کی تجویز ہے۔