زیادتی کرنے والے ملزم کو کتے نے کاٹ لیا

ملزم اسپتال لانے کے دوران پولیس کو چکما دے کر فرار ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 28 ستمبر 2021 15:59

زیادتی کرنے والے ملزم کو کتے نے کاٹ لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 ستمبر 2021ء) : زیادتی کرنے والے ملزم کو کتے نے کاٹ لیا ،ملزم اسپتال لانے کے دوران فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں زیادتی کے الزام میں گرفتار ملزم سلیم جناح اسپتال سے فرار ہو گیا۔ملزم کو علاج کے لیے سینٹرل جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سلیم کے فرار کا واقعہ جمعے کے روز پیش آیا،ملزم سلیم کو سعید آباد پولیس نے زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ایس پی سینٹرل جیل کی مدعیت میں صدر تھانے میں ملزم کے فرار کا مقدمہ درج کر لیا گیا جب کہ غفلت کے مرتکب دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا جن میں کانسٹیبل سنگھار اور لیاقت علی شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ملزم سلیم کو کتے نے کاٹا تھا جس کے علاج کے لیے اسے جناح اسپتال لایا گیا تاہم اس نے اہلکاروں کو چکما دے کر ہتھکڑی کھولی اور فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آج صبح لانڈھی شیر پا کالونی مولا مدد قبرستان کے قریب ڈاکوں اور پولیس میں فائرنگ کے تبادلے میں پولیس نے ایک ڈاکو 21 سالہ اسامہ ولد محمد موسی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اسکا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا زخمی ہونے والے ڈاکو کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ شاہ لطیف ٹان پولیس نے بھی بروہی گوٹھ کے قریب پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو29 سالہ اسد ولد شفیع الرحمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔

زخمی ہونے والے ڈاکو کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ناظم آباد پولیس نے منشیات فروش اسٹریٹ کریمنلز اور کار موٹر سائیکل لفٹرز کے خلاف کاروائی کرکے 4 ملزمان شاہ رخ ولد افتخار ،عتیق ولد رفیق، احسن ولد محمد ندیم اوررضا رحمان ولد عبدالرحمن کو گرفتار کرکے چرس، مسروقہ کار اور موٹر سائیکل سمیت اسلحہ برآمد کر لی ۔درخشاں پولیس نے منشیات فروش آصف علی اور فحاشی کے الزام میں تین خواتین انیلہ، عائشہ ، فوزیہ اور ایک مرد واجد علی کو گرفتار کرلیا۔