سی ایس ایس 2021 کے تحریری امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

16 ہزار876 امیدوار فیل جبکہ صرف 364 امیدوار کامیاب ہوئے، تحریری امتحان میں بلورخان نے پہلی، سردارعثمان سلیم دوسری اور فائزہ اکمل نے تیسری پوزیشن حاصل کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 ستمبر 2021 20:56

سی ایس ایس 2021 کے تحریری امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2021ء) سی ایس ایس 2021 کے تحریری امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، سی ایس ایس امتحان میں 364 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، تحریری امتحان میں بلورخان نے پہلی ،سردارعثمان سلیم نے دوسری اور فائزہ اکمل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2021 کے تحریری امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ہے، سی ایس ایس کا امتحان دینے کیلئے 39 ہزار 650 امیدواروں نے اپلائی کیا، ان امیدواروں میں 17 ہزار 240 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی۔

رواں سال سی ایس ایس کے تحریری امتحان 364 امیدوار کامیاب ہوئے۔ سی ایس ایس امتحان میں کامیابی کا تناسب 2.11 فیصد رہا۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے تحریری امتحان میں تین نمایاں پوزیشن ہولڈرز کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سی ایس ایس کے تحریری امتحان میں بلورخان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سردارعثمان سلیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ سی ایس ایس کے تحریری امتحان کی پہلی نمایاں پوزیشنوں میں فائزہ اکمل تیسری پوزیشن لینے میں کامیاب رہی۔

واضح رہے گزشتہ 5 سالوں میں سی ایس ایس امتحان میں پاس ہونے کی شرح انتہائی کم ہونے لگی ہے۔ پچھلے سال 2020 میں سی ایس ایس کا امتحان صرف 1.96 فیصد پاس کر سکے۔ امتحانات میں 18 ہزار 553 میں سے صرف 376 امیدوار ہی کامیاب قرار پائے جبکہ 18 ہزار 177 امیدوار تحریری امتحان میں فیل ہوگئے۔ اسی طرح سال 2019 میں سی ایس ایس کے امتحانات میں مجموعی طور پر 14 ہزار521 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔تحریری امتحانات میں صرف تین ہزار 272 امیدوار کامیاب ہوئے، 365 امیدوار وائیوا کے لیے منتخب ہوئے جن میں 214 مرد اور 151 خواتین شامل تھیں۔