بنوں،امن و امان کے قیام کیلئے اقوام جانی خیل کے مشران انتظامیہ کیساتھ مذاکرات کیلئے راضی ہو گئے

اقوام جانی خیل کے مشران نے کمشنر جرگہ ہال میں انتظامیہ ، حکومتی کمیٹی کیساتھ جرگہ میں اپنے تمام تحفظات سامنے رکھ دیئے

اتوار 3 اکتوبر 2021 18:40

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2021ء) امن و امان کے قیام کیلئے اقوام جانی خیل کے مشران انتظامیہ کیساتھ مذاکرات کیلئے راضی ہو گئے ،اتمانزئی و احمد زئی اقوام کے مشران پر مشتمل حکومتی کمیٹی کے سامنے انتظامیہ کی موجود گی میں ایک بار پھر نشست ہوئی ، علاقے میں امن کا قیام اول اور آخری مطالبہ ہے ہر صورت یقینی بنایا جائے اقوام جانی خیل کے مشران نے کمشنر جرگہ ہال میں انتظامیہ ، حکومتی کمیٹی کیساتھ جرگہ میں اپنے تمام تحفظات سامنے رکھ دیئے ، تفصیلات کے مطابق کمشنرجرگہ ہال میں جانی خیل کے مشران ، جانی خیل کیلئے بنائی گئی حکومتی کمیٹی اور جانی خیل کے مشران پر مشتمل جرگہ ہو ا ،جرگہ میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان ، ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن (ر) محمد زبیر خان نیازی، اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن وزیر محمد قمر خان ، ملک گل باز خان اور 7سات رُکنی گرینڈ جرگہ مشران ، چیف آ ف جانی خیل ملک مویز خان و دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر جانی خیل میں پیدا ہونے والی صورتحال ، گزشتہ دھرنے کے موقع پر مشران کے خلاف درج ایف آ ئی آر کا خاتمہ ، مقتولین کیلئے امدادی پیکج ، دھرنے میں ہونے والے نقصانات، طلبہ کیلئے انٹر نیٹ کی بحالی اور سب سے بڑھ کر امن کے قیام کیلئے تفصیلی گفتگو ہوئی ، جس پر انتظامیہ نے جانی خیل میں حالیہ دنوں الگ الگ واقعا ت میں قتل ہونے والے چار نوجوانوں کیلئے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کی منظوری دی ، اسی طرح جلد ہی انٹر نیٹ سروس کی بحالی کی یقین دہانی کرائی گئی اور کہا کہ اس پر کام جاری ہے اسی طرح مشران کے خلاف در ج ایف آ ئی آر کے خاتمے کیلئے صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان کو فائل حوالے کیا گیا جو کہ اعلیٰ حکام سے منظور کرکے با ضابطہ طور پر ایف آ ئی آ ر ختم کیا جائے گا انتظامیہ کا کہنا تھا کہ امن ہم بھی چاہتے ہیں اور جانی خیل کے اقوام کا بھی یہی ایک مطالبہ ہے اس لئے امن کے قیام کیلئے ساتھ ملکر کام کریں گے اس موقع پر زیر حراست آفراد کی رہائی کی بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ وقتاً فوقتاً رہائی کی جائے گی ۔