جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں کا ریکارڈ ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو فوراً منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں،راجہ یاسر ہمایوں

بدھ 6 اکتوبر 2021 15:33

جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں کا ریکارڈ ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو فوراً ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں کا مکمل ریکارڈ جنوبی پنجاب ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو فوراً منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ ڈی پی آئی کالجز بھی جنوبی پنجاب سے متعلقہ ریکارڈ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فراہم کریں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جنوبی پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری ہائیرایجوکیشن سید جاوید اقبال بخاری، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور اور ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ کالج اساتذہ کی تعیناتی اور تبادلوں کے اختیارات بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو دے رہے ہیں تاکہ ان علاقوں کے لوگوں کو اپنے روزمرہ کے معاملات کے حوالے سے لاہور نہ آنا پڑے۔اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضروری قانونی اور انتظامی معاملات کو حل کر کے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر فنکشنل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے عوام کو ایک بڑا ریلیف ملا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تحریک انصاف حکومت کے اس وعدے کی تکمیل ہے جو پی ٹی آئی نے خطے کے لوگوں کے ساتھ کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ رولز آف بزنس میں تبدیلی کر کے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر خودمختار بنا دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر فنکشنل بنانے کے لئے قانونی اور انتظامی معاملات طے کر کے عوام کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔