سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کاموسمی اثرات کا جائزہ لینے کے لئے کپاس کی فصل پرمصنوعی بارشوں کی ٹیکنالوجی کا استعمال

جمعہ 15 اکتوبر 2021 12:51

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کاموسمی اثرات کا جائزہ لینے کے لئے ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں کپاس کی مختلف اقسام پر پڑنے والے موسمی اثرات خصوصاً بارشوں کا مطالعہ کرنے کے لیے مصنوعی بارش کے استعمال کا مظاہرہ کیا گیا ۔مصنوعی بارشوں کی ٹیکنالوجی کے استعمال کا مقصد بتاتے ہوئے ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمودنے بتایا کہ ہم تجرباتی کھیتوں میں لگی کپاس کی مختلف اقسام پر بارشوں سے پڑنے والے مختلف اثرات مثلاً بیج کے اگائو، کپاس کی کوالٹی، کپا س کا کالا پن،روئی کی رنگت اور کپاس کے ٹینڈوں میں پھپھوندی کی بیماری،جڑی بوٹیوں کا اگائو یا کپاس کے کیڑے مکوڑوں پر اس تجربے کی مدد سے ان سب باتوں کا مطالعہ کیا جانا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ مصنوعی بارشوں کے تجربات سے ہم کپاس کی مختلف اقسام کی ان خصوصیات کا جائزہ لیں سکیں گے کہ کونسی قسم پر بارشوں سے زیادہ نقصان ہوتا ہے اور کونسی قسم کم متاثر ہوتی ہے یا بارشوں کی صورت میں کپاس کی کونسی قسم زیادہ مزاحمت پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر زاہد محمودنے کہا کہ مصنوعی بارشوں کے تجربات سے ہم اس قابل ہوسکیں گے کہ ہم کسانوں کو مختلف علاقہ جات کے لئے کپاس کی اقسام کی سفارشات کرسکیں خصوصاً ایسے علاقہ جات جہاں زیادہ بارشوں کی وجہ سے کپاس کی فصل خراب ہوجاتی ہے اور اس کی پیداوار اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم کپاس کے تحقیقی میدان میں نت نئے تجربات کی مدد سے کپاس کےکسانوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور فصل پر پڑنے والے مختلف موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے مستقبل کی پیش بندی پر پوری طرح عمل پیرا ہیں۔