امریکا اور سعودی عرب کا اسٹریٹجک شراکت داری اور تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق

سعودی وزیرخارجہ کی واشنگٹن میں امریکی ہم منصب سے ملاقات‘ہمارے تعلقات ناصرف ہمارے لیے بلکہ خطے اور دنیا کے لیے بھی ضروری ہیں.شہزادہ فیصل بن فرحان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 15 اکتوبر 2021 20:30

امریکا اور سعودی عرب کا اسٹریٹجک شراکت داری اور تعاون کو مضبوط بنانے ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اکتوبر ۔2021 ) امریکا نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایک اہم شراکت دار ہے اور واشنگٹن ریاض کے دفاع کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری اور ایران کے جوہری پروگرام، اس معاملے پر بین الاقوامی مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا.

(جاری ہے)

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور اینٹونی بلنکن کی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ آج میرے دوست اینٹونی بلنکن کے ساتھ ایک نتیجہ خیز ملاقات ہوئی جس میں ہم نے مشترکہ دلچسپی کے مسائل اور کئی محاذوں پر ہماری اسٹریٹجک شراکت داری اور تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا.

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب اہم شراکت دار ہیں اور امریکا مملکت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اینٹونی بلینکن نے اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ ایک پریس میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ یہ شراکت اہم اور اہم ترین چیلنجوں سے نمٹنے کے حوالے سے ہے جس کی ہم بہت تعریف کرتے ہیں. اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے دونوں اتحادیوں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی بھی تعریف کی شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہمارے تعلقات ناصرف ہمارے لیے بلکہ خطے اور دنیا کے لیے بھی ضروری ہیں اس ضمن میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ان کی ملاقات کے بعد اینٹونی بلنکن نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی امریکی مذمت اور سعودی عرب کو اپنی سرزمین اور لوگوں کے دفاع میں امریکی مدد کے عزم کا اعادہ کیا.

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں سائیڈ لائن ملاقاتوں میں ایران کے لیے امریکی خصوصی ایلچی رابرٹ مالے سے بھی ملاقات کی اور جوہری معاہدے سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں کی ایرانی خلاف ورزیوں کے خلاف مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا. سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرا ت خوشگوار رہے ہیںانہوں نے فنانشنل ٹائمزسے انٹرویو میں کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیںشہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہمارے لیے یہ اتنی بڑی تبدیلی نہیں ہے ہم نے ہمیشہ کہا کہ ہم خطے کو مستحکم کرنے کا راستہ تلاش کرنا چاہتے ہیں.