محمد عامر قومی ٹیم کے پیچھے پیچھے دبئی کیلئے روانہ

فاسٹ بائولر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ میں شامل نہیں ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 اکتوبر 2021 11:44

محمد عامر قومی ٹیم کے پیچھے پیچھے دبئی کیلئے روانہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اکتوبر 2021ء ) فاسٹ بائولر محمد عامر بھی قومی ٹیم کے پیچھے پیچھے دبئی روانہ ہوگئے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں محمد عامر نے اس وقت کی ٹیم مینجمنٹ سے مایوس ہو کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ عامر نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر انتظامیہ تبدیل ہوگئی تو وہ سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے، محمد عامر کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز 2010ء کی غلطی کو جواز بناکر پر مجھ پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں ۔

بعد ازاں کرکٹ مینجمنٹ سے مایوس محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے معاملے پر پی سی بی نے آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جون 2021ء میں اپنی ایک پریس کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اس وقت کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے کر پرفارم کریں تو ٹیم میں آسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اب محمد عامر نے اپنے حالیہ ٹویٹ میں بتایا ہے کہ وہ دبئی جارہے ہیں۔
فاسٹ بولر نے دبئی جانے کی وجہ اپنے ٹویٹ میں نہیں بتائی ہے لیکن یہ سب جانتے ہیں کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ میں محمد عامر کا نام شامل نہیں ہے۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم کی قیادت میں دبئی پہنچ گئی ہے۔ پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔