سقوط ڈھاکہ کرانے پر بنگلہ دیشی وزیراعظم کا ایک بارپھربھارت کا شکریہ

بھار ت شرپسندوں پر سختی کرے تاکہ بنگلہ دیش میں ہندوئوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو،حسینہ واجد

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 13:00

سقوط ڈھاکہ کرانے پر بنگلہ دیشی وزیراعظم کا ایک بارپھربھارت کا شکریہ
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے سقوط ڈھاکہ کرانے پربھارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ درگا پوجا کے مقام اور ہندو برادری کے مندروں پر حملہ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔برطانوی ٹی وی کے مطابق شیخ حسینہ نے انڈیا کو یہ مشورہ بھی دیا کہ اسے شرپسندوں کے ساتھ سختی سے پیش آنا چاہیے۔

شیخ حسینہ نے کہا کہ انڈیا میں بھی ایسا کچھ نہیں ہونا چاہیے جو ہمارے ملک کو متاثر کرے اور ہمارے ملک میں ہندوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ اگر انڈیا میں ایسا کچھ ہوتا ہے تو ہمارے ہاں ہندو متاثر ہوتے ہیں۔ انڈیا کو بھی اس حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کے ہندوئوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے آپ کو اقلیت نہ سمجھیں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کی طرح اپنی رسومات کا اہتمام کرتے رہیں۔

(جاری ہے)

شیخ حسینہ نے کہا کہ تمام مذاہب کے لوگ اس مٹی میں پیدا ہوئے اور اور انہوں نے یہیں پرورش پائی ہے۔شیخ حسینہ نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مجرم کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجرم پکڑے جائیں گے اور انہیں سزا دی جائے گی۔شیخ حسینہ نے کہا کہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی سرگرمیوں سے ہم بھی متاثر ہوئے ہیں۔ نہ صرف ہمیں بلکہ پڑوسی ملک کو بھی اس بارے میں محتاط رہنا ہے۔ ہمسایہ ملک انڈیا نے جنگ آزادی میں ہماری مدد کی تھی اور ہم اس کیلئے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔