واضح ہو گیا ملک اس وقت آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے‘ آل پاکستان انجمن تاجران

حزب اختلاف نے ا ب بھی آواز بلند نہ کی تو انہیں بھی عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے‘ صدراشرف بھٹی

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 14:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واضح ہو گیاہے کہ ملک اس وقت آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے ،حکمران قرض کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کی شرائط کے سامنے مزاحمت توکیا کوئی بیان بھی جاری نہیں کر رہے بلکہ ہاتھ باندھ کر عالمی مالیاتی ادارے کے ہر فیصلے کی توثیق کی جارہی ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم اورماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنا وطیرہ بنا لیا ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں12روپے فی لیٹر اضافہ ظلم کی انتہا ہے ،عوام کی آمدن اور اخراجات میں اس قدرفرق آ گیا ہے کہ ان کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکسز سے بھرپور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی اور اشیائے خوردونوش کی روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پسے ہوئے طبقات کیلئے زندگی گزارنامشکل بنا دیا ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کوتوہر صورت میں عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اگر حزب اختلاف کی جماعتوں نے اب بھی مہنگائی کے خلاف آواز بلند نہ کی تو انہیں بھی عوام کے اسی غیض و غضب کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے ۔