سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جنوبی پنجاب کے 14اضلاع کی 517کلبوں کے مابین کرکٹ مقابلوں کا آغاز (کل ) ہو گا

پیر 18 اکتوبر 2021 21:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جنوبی پنجاب کے 14اضلاع کی 517کلبوں کے مابین کرکٹ مقابلوں کا کل 20اکتوبر 2021ء سے آغاز ہو رہا ہے جس میں 10ہزار کرکٹرز کو شرکت کا موقع ملے گا تین ماہ طویل اس ایونٹ میں مجموعی طور 1070 میچز کھیلے جائیں گے۔سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد انیس خواجہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد عبدالصبور نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید بتایا کہ سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کی پہلی کلب چیمپئن شپ کا آغاز کل 20اکتوبر سے کر رہی ہے۔

سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب میں ہر سطح پر کرکٹ کی بحالی و فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ جس کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

اس امر میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور صوبائی انتظامیہ کا تعاون انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی توجہ کا مرکز انڈر 13 اور انڈر 19 کرکٹ ہے جس کے نتیجہ میں بہترین کارکردگی کے حامل کھلاڑی اور کوچز سامنے آئیں گے جنوبی پنجاب میں کرکٹ کی بحالی و فروغ کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل کاوضع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے جنوبی پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی کلب چیمپئن شپ کا آغاز 20 اکتوبر 2021 سے جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع سے ہمہ وقت کیا جارہا ہے۔ جس میں 517کلبوں کے 1070کرکٹ میچ منعقد کئے جائیں گے جس میں جنوبی پنجاب کے 10ہزار سے زائد کھلاڑی اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ چیمپئن شپ کے ذریعے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا جس کے نتیجے میں ان کیلئے مستقبل میں پیشہ ورانہ سطح پر کرکٹ کھیلنے کی راہیں ہموار ہوں گی۔

اس کے علاوہ کرکٹ کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو نچلی سطح سے ابھار کر سامنے لانے کیلئینومبر سے سکول کرکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ جس میں کم عمر طلبہ و طالبات کے اندر کھیلوں کی اہمیت اجاگر کرنے سے ساتھ ساتھ ننھے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کو ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری 2022 سے ڈویڑن کی سطح پر کرکٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں جنوبی پنجاب کے کھلاڑی ڈویڑنل سطح پر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

جنوبی پنجاب کے 14اضلاع میں کرکٹ گراونڈز کی نشاندہی نومبر 2021تک مکمل کی جا ئے گی اورکرکٹ کے فروغ کیلئے مقامی سطح کی فلاحی و سماجی شخصیات سے تعاون کی یاداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ اور اسی دوران نومبر 2021کے اختتام تک کرکٹ کلبوں کی جانچ پڑتال کا عمل بھی مکمل کرلیا جائے گا۔جبکہ جنوری 2022تک مقامی سماجی و فلاحی شخصیات کے تعاون سے ملتان اور بہاولپور میں 2 کرکٹ گراونڈز کو بحال اور افعال کرنے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

اور مئی 2022میں انڈر 16اور انڈر 19کرکٹ مقابلوں کا آغاز کردیا جائے گا۔پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران چئیرمین سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن محمد انیس خواجہ نے کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے مصروف عمل ہے اس سلسلہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کلب چیمپئن شپ کے دوران گراونڈز، گیندیں، ایمپائرز اور سکوررز فراہم کریگا۔

اس کے ساتھ ساتھ تمام مقابلوں کی براہ راست سکورنگ CRIC-HQپر دیکھی جاسکے گی۔پریس کانفرنس کے اختتام پر محمد انیس خواجہ نے کہا کہ ہر سطح پر کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے جذبے کو فروغ ملنے سے نچلی سطح سے اچھے کھلاڑی سامنے لائے جاسکیں جو قومی سطح پر کھیلتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔