سیاحوں کے وارے نیارے ہو گئے، ملک کے کئی مشہور سیاحتی مقامات نے برف کی چادر اوڑھ لی

خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری، ملک بھر سے سیاحوں نے سرد علاقوں کا رخ کر لیا

muhammad ali محمد علی پیر 18 اکتوبر 2021 23:59

سیاحوں کے وارے نیارے ہو گئے، ملک کے کئی مشہور سیاحتی مقامات نے برف کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اکتوبر2021ء) سیاحوں کے وارے نیارے ہو گئے، ملک کے کئی مشہور سیاحتی مقامات نے برف کی چادر اوڑھ لی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں تو تاحال گرمی کا موسم ختم نہیں ہوا، تاہم ملک کے بیشتر شمالی علاقوں میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو چکا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے کئی شمالی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث موسم انتہائی سرد ہو چکا۔

خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد ملک بھر سے سیاحوں نے سرد علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ گزشتہ رات تک جاری تھا ، سخت بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی وجہ سے گلگت بلتستان کے کئی اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں برفباری ملک بھر سے آنے والے مسافروں کیلئے تو خوشی کی خبر ہے، تاہم بارش اور برفباری سے ان علاقوں کے لوگ اپنے گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں 10 انچ سے زائد برفباری ہو چکی، جبکہ خیبرپختونخواہ اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی خوب برفباری ہوئی۔ خاص کر خیبرپختونخواہ کے مشہور مقام بابو سر ٹاپ پر طوفانی برفباری ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ چلاس شہر اور گردونواح میں رات سے بارش، بابو سر ٹاپ، فیری میڈوز، نانگا پربت میں بھی برفباری دن بھر جاری رہی۔ بابوسر ٹاپ پر 16 انچ تک برف پڑی، برفباری کے باعث بابوسر ناران نیشنل ہائی وے عارضی طور پر بند ہوگئی، ہائی وے کی بندش سے بابوسر اور ناران کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ موسم کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکام کی جانب سے سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید برفباری کی زد میں آنے والے علاقوں کا رخ کرتے ہوئے جاری کی جانے والی ہدایات پر ہر صورت عمل کیا جائے۔