کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو ورلڈ کپ میچز نہیں کھیلوں گا: این مورگن

این مورگن نے رواں برس انگلینڈ کی جانب سے 7 ٹی ٹونٹی اننگز میں صرف 82 رنز بنائے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 اکتوبر 2021 12:42

کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو ورلڈ کپ میچز نہیں کھیلوں گا: این مورگن
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2021ء ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان این مورگن نے کہا ہے کہ اگر ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو وہ خود کو ڈراپ کرنے کیلئے تیار ہوںگے۔ 35 سالہ این مورگن نے رواں برس انگلینڈ کی جانب سے 7 ٹی 20 اننگز میں صرف 82 رنز بنائے ہیں ،حال ہی میں اختتام پذیر ہونیوالی انڈین پریمیئر لیگ میں انہوں نے 11.08 کی ایورج سے 133 رنز بنائے تھے تاہم انہوں نے کلکتہ نائٹ رائیڈز کو فائنل تک پہنچایا۔

این مورگن ایک اچھے سٹرائیکر ہیں جو 107 ٹی 20 انٹرنیشنل میں ان کے 138.25 کے سٹرائیک ریٹ سے ظاہر ہوتا ہے۔ آن لائن کانفرنس میں این مورگن کا کہنا تھا کہ میں ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کے راستے میں نہیں آؤںگا۔ آئر لینڈ کے سابق کھلاڑی این موگن کی قیادت میں 2 سال قبل انگلینڈ نے 50 اوور ورلڈ کپ جیتا تھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کم رنز بنائے ہیں لیکن کپتانی اچھی رہی ہے، میں ہمیشہ بیٹنگ اور کپتانی کو الگ الگ لے کر چلا ہوں اور دونوں کو الگ الگ چیلنجز کی طرح لیا ہے، بائولر نہ ہونے اور زیادہ عمر ہونے کی وجہ سے میں فیلڈ میں زیادہ نہیں کر پا رہا۔

این مورگن نے کہا کہ اگر میں نے بیٹنگ میں بہتری نہ کی ہوتی تو میں یہاں نہ ہوتا، ٹی 20 کی نوعیت اور میں کس نمبر پر بیٹنگ کر رہا ہوں، کا مطلب ہے کہ مجھے کئی ہائی رسک آپشنز اختیار کرنے پڑ رہے ہیں ، اگر ٹیم کو ضرورت ہوئی تو میں رسک لینا جاری رکھوں گا۔ این مورگن نے گذشتہ 2 سال کا بیشتر حصہ سخت ببل قوانین کے تحت گزارا ہے جو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور عمان میں وہ کچھ کھلاڑیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ تھے تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ پابندیاں کب تک رہیں گی۔ این مورگن کا مزید کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال یہ زیادہ وقت تک چل سکے گا کیونکہ یہ ہو نہیں سکتا کہ آپ انسانوں کو کہیں کہ ایسا کرتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھائیں۔